بادشاہی مسجد سے چوری نعلین پاک 15 سال بعد بھی برآمد نہ کرائے جاسکے

نعلین مبارک برآمد کرانے والے شخص کے لیے بیس لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔

نعلین برآمد کرانے والے شخص کے لیے بیس لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

ہائیکورٹ نے بادشاہی مسجد سے چوری ہونے والے نعلین مبارک 15 سال بھی برآمد نہ کرائے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بادشاہی مسجد سے چوری ہونے والے نعلین پاک کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے محکمہ اوقاف کو معاملے کی تہہ تک جانے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر اوقاف اور متعلقہ ایس پی کمیٹی کے روبرو پیش ہوکر بیان دیں۔


درخواست گزار نے بتایا کہ 31 جولائی 2002ء میں بادشاہی مسجد کی گیلری سے نعلین پاک چوری کئے گئے۔ پولیس نے محکمہ اوقاف کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف نعلین مبارک کی چوری کا مقدمہ درج کیا ہے، لیکن پندرہ سال ہوگئے لیکن متعلقہ حکام نعلین پاک برآمد نہ کراسکے۔

عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ سال سے مقدمے پر کیوں کارروائی نہیں کی گئی، عام لوگوں نے نعلین مبارک کی برآمدگی کے لئے درخواستیں دی ہیں۔ محکمہ اوقاف جس کی اس کی ذمہ داری تھی اس نے اب تک کیا کیا ہے، محکمہ اوقاف کے وکیل نے بتایا کہ محکمہ نے نعلین مبارک کی برآمدگی کے لئے اقدامات کئے ہیں اور نعلین مبارک برآمد کرانے والے شخص کے لیے بیس لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔
Load Next Story