گلشن سکندرآباد میں منی بس نے 4 سالہ بچی کو کچل دیا

منگھوپیر کے علاقے بھٹو چوک پر تیزرفتار ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان ہلاک

کیماڑی کے علاقے گلشن سکندرآباد میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے 4 سالہ عائشہ دختر افتخار ہلاک ہوگئی. فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کیماڑی کے علاقے گلشن سکندرآباد میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے 4 سالہ عائشہ دختر افتخار ہلاک ہوگئی ، پولیس نے حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے بس قبضے میں لے لی ، متوفیہ کیماڑی کی ہی رہائشی تھی جبکہ اس باپ مزدور ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا بغیر کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے،منگھوپیر کے علاقے بھٹو چوک میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان ہلاک ہوگیا ۔




پولیس کے مطابق ڈمپر رجسٹریشن نمبر JTE-5147 بھٹو چوک سے گزر رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا اور اس کی ٹکر سے راہگیر 28 سالہ سعید علی ولد حضرت علی ہلاک ہوگیا ، متوفی سلطان آباد کا رہائشی تھا ، حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ڈمپر اپنی تحویل میں لے لیا ، پولیس ڈمپر کے مالک کو تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

، ڈیفنس میں تیز رفتاری کے باعث 2 گاڑیاں ٹکرانے سے 2 نوجوان جبار اور دانش زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ، کارروائی پر جانے والے درخشاں تھانے کے اے ایس آئی رمضان نے بتایا کہ زخمیوں کو سر پر چوٹیں تھیں لیکن طبی امداد کے بعد دونوں کو گھروں کو روانہ کردیا گیا ، پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ میں بھی ٹریفک حادثے میں دو نوجوان رشید ولد عزیز اور فیصل ولد خادم زخمی ہوگئے۔

 
Load Next Story