اندرون سندھ صحت کے منصوبے 2ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

اسپتالوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن میں تیزی،مختلف شہروں میں قائم ہونیوالے17 ضلعی اسپتال جلد فعال کردیے جائینگے.

41 ایمرجنسی ٹراما سینٹرز 65 فیصد مکمل،منصوبے کی تکمیل کے بعد 1200ڈاکٹروں اور دیگرافراد کو ملازمتیں دی جا ئیں گی فوٹو: فائل

صدر مملکت آصف علی زرداری نے صوبا ئی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ انتخابات سے قبل اندرون سندھ میں جاری صحت کے منصوبے آئندہ 2ماہ میں مکمل کیے جائیں۔

جس کے بعد حکومت سندھ نے شہید بے نظیر بھٹو ہیلتھ انیشیٹو سندھ پروگرام کے تحت اندرون سندھ کے تمام اسپتالوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن کے منصو بے پرکام مزید تیزکرنے اور مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردیں، معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے اس منصوبے کیلیے 12سوکروڑروپے مختص کیے ہیں ۔

صوبے میں اس منصوبے کے تحت17ضلعی اسپتالوں کا قیام ،39 تعلقہ اسپتالوں کی مرمت،41 ایمرجنسی ٹراما سینٹروں کی تعمیرات کا کام 65 فیصد مکمل کرلیا گیا ، بدھ کوصدر آصف علی زرداری وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے جس میںکراچی سمیت اندرون سندھ میں دیگرصحت کے جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔




ذرائع کے مطابق صدر زرداری کی ہدایت پر شہید بے نظیر بھٹو ہیلتھ انیشیٹوسندھ پروگرام کے تحت اندرون سندھ کے17 مختلف اضلاع میں17 ڈسٹرکٹ اسپتال قائم کیے جارہے ہیں جبکہ 39 تعلقہ اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کر کے ہر تعلقہ اسپتال کو250 بستروں کا بنایا جارہا ہے اور شہروں میں قائم کیے جانے والے41صحت ٹراما سینٹروں کا قیام بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

ذرا ئع نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد 1200 ڈاکٹروں اور دیگر ملازمین کو ملازمتیں بھی دی جا ئیں گی،پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرشید نے بتایا کہ صدرآصف زرداری کی خواہش ہے کہ سندھ کے 2 کروڑ دیہی عوام کو تعلقہ اور ضلع کی سطح پر صحت کی جدید سہولتیں فراہم کی جائیں ، اندرون سندھ میں جاری یہ منصوبہ مئی تک مکمل کرلیا جائیگا ، انھوں نے بتایا کہ 41 ایمرجنسی ٹراما سینٹروں کی تعمیرات پر پہلی بار نئی ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے ،یہ ٹراما سینٹرز پری انجینئرنگ میٹریل سے تعمیر کیے جار ہے ہیں ۔
Load Next Story