وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے انڈرپاس كا افتتاح كردیا

1.3 كلومیٹر طویل انڈرپاس 125 دن كی قلیل مدت میں مكمل كیا گیا ہے

انڈرپاس فن تعمیر كا ایک اعلیٰ شاہكار ہے، شہباز شریف ۔ فوٹو : آن لائن

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پاكستان كے سب سے بڑے بیجنگ انڈرپاس كا افتتاح كردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب افتتاح كے بعد انڈرپاس سے گزرے اور اس كا معائنہ كیا، 1.3 كلومیٹر طویل انڈرپاس 125 دن كی قلیل مدت میں مكمل كیا گیا ہے، بیجنگ انڈر پاس كی اونچائی 5.1 میٹر ہے جس میں سے ہر قسم كا ٹریفک گزرسكتا ہے اور اس انڈرپاس سے روزانہ ڈھائی لاكھ گاڑیاں گزریں گی، اس منصوبے كی تكمیل سے ٹھوكر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک كینال روڈ سگنل فری ہو گیا ہے۔




شہبازشریف نے بیجنگ انڈرپاس كے افتتاح كے بعد میڈیا سے گفتگو كرتے ہوئے كہا كہ پاكستان كی تاریخ كے سب سے بڑے اس انڈرپاس كا نام بیجنگ انڈرپاس ركھا گیا ہے، بیجنگ انڈرپاس كے منصوبے پرتقریباً ساڑھے 3 ارب روپے لاگت آئی ہے اور یہ ریكارڈ مدت میں مكمل كیا گیا ہے، اس منصوبے كی بروقت تكمیل پر اہلیان لاہور كو دل كی گہرائیوں سے مباركباد دیتا ہوں۔ انہوں نے كہا كہ 1.3 كلومیٹر طویل یہ انڈرپاس فن تعمیر كا ایک اعلیٰ شاہكار ہے جس سے ٹریفک كے بہاؤ میں بے پناہ بہتری آئے گی، اس انڈر پاس پر ریل گاڑیوں كی گزرگاہیں بھی بنائی گئی ہیں جس سے ریل گاڑیوں كی آمد و رفت میں بھی سہولت ہوگی جب کہ عوام كا بھی قیمتی وقت بچے گا اور شہری بروقت اپنی منزل پر پہنچیں گے۔



وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سی پیک كے تحت چین نے پاكستان میں 60 ارب ڈالر سے زائد كی سرمایہ كاری كی ہے اور سی پیک ایسا اقتصادی منصوبہ ہے جس سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی، سی پیک كے منصوبے سے جہاں پاكستان میں ترقی اور خوشحالی كے نئے دور كا آغاز ہوگا وہاں پورا خطہ اس معاشی منصوبے سے مستفید ہوگا۔

Load Next Story