اثاثہ جات ریفرنس اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق فیصلہ 11 دسمبر کو سنایا جائے گا

اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق فیصلہ 11 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ فوٹو: فائل

اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی تازہ میڈیکل رپورٹس آرہی ہیں، کچھ دیر تک پہنچ جائیں گی، اسحاق ڈار نے خود کو چھپایا نہیں، عدالت کو اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسحاق ڈار کو مہلت دینی چاہیے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

وکیل اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اشتہاری قرار دینے کا وقت بھی کم کرکے 10 روز کر دیا گیا جب کہ ان کے موکل کے وارنٹ بھی لندن نہیں بھجوائے گئے، نیب نے اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹس کی تصدیق نہیں کروائی، احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ اگر اسحاق ڈار پاکستان میں ہوتے تو میڈیکل بورڈ بنایا جا سکتاتھا جس پر وکیل نے کہا کہ میڈیکل بورڈ اب بھی بن سکتا ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : اسحاق ڈار کو پیش کرنے کیلئے تین ہفتوں کی مہلت

جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار کب لندن گئے جس پر اسحاق ڈار کے وکیل نے کہا کہ 30 اکتوبر سے لندن گئے ہوئے ہیں، جج احتساب عدالت نے کہا کہ 1 ماہ 4 روز ہوگئے لیکن ملزم پیش نہیں ہوا۔

عدالت میں وقفہ کے بعد اسحاق ڈار کی تازہ میڈیکل رپورٹ پیش کی گئیں، وکیل اسحاق ڈار نے کہا کہ اسحاق ڈار اگلے ہفتے اپنا ایم آر آئی کرائیں گے، عدالت چاہے تو برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانہ اسحاق ڈار کا طبی معائنہ کرے، عدالت اس بارے میں دفتر خارجہ کو احکامات جاری کر سکتی ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار کی بیماری نہیں معلوم تو پھر وہ بیرون ملک کیوں گئے، نیب نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے جب کہ اسحاق ڈار کے وکیل نے ریفرنس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا جو 11 دسمبر کو سنایا جائے گا۔
Load Next Story