پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف کچھ بھی کرسکتے ہیں سی آئی اے چیف کی دھمکی

امریکا ہر قیمت پر پاکستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ چاہتا ہے، مائیک پومپیو

پاکستان دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم نہ کرسکا تو امریکا خود ہر ممکن اقدام کرے گا، مائیک پومپیو۔ فوٹو: فائل

امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو نے دھمکی دیتے ہوئےکہاہے کہ اگر پاکستان نے اپنی حدود میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم نہ کیں تو امریکا ان کے خاتمے کے لئے کچھ بھی کر گزرے گا۔

کیلی فورنیا میں نیشنل ڈیفنس فورم سے خطاب کے دوران امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے چیف مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا ہر قیمت پر پاکستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ چاہتا ہے، اگر پاکستان ایسا کرنے میں ناکام رہا تو امریکا انہیں خود ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔


مائیک پومپیو نےکہا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس پاکستان کے دورے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیغام پاکستانی انتظامیہ تک پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ سی آئی اے کے چیف کا یہ بیان امریکی وزیر دفاع کے دورہ پاکستان سے قبل آیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستان کے سفر کے دوران جہاز میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ اسلام آباد پہنچنے کے ساتھ ہی پاکستان پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، ہمیں یقین ہے پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے دعوؤں پر پورا اترے گا۔
Load Next Story