کراچی گرفتار ٹارگٹ کلرزاورمجرموں کا تعلق کالعدم تنظیموں سیاسی جماعتوں سے ہے رینجرز

رینجرز نے صوبے میں امن اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا ہے اور ملک دشمن عناصر کو ختم کرکے دم لیں گے، کرنل شفیق نیازی

رینجرز کے پاس تلاشی اور گرفتاری کے اختیارات ہیں جبکہ ملزم سے تفتیش پولیس کرتی ہے،کرنل شفیق نیازی۔ فوٹو: آئی این پی

سندھ رینجرز کے ترجمان کرنل شفیق نیازی کا کہنا ہے کہ رینجرز نے 3 ماہ کے دوران 15 بڑے آپریشن اور 96 چھاپے مارے، ان کارروائیوں کے دوران 49 ٹارگٹ کلرز اور بھتا خور گرفتار کئے گئے جن کا تعلق کالعدم تنظیموں اورسیاسی جماعتوں سے ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سندھ رینجرز کے ترجمان کرنل شفیق نیازی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد موجود ہیں جو مختلف علاقوں سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، رینجرز نے صوبے میں امن اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا ہے اور ملک دشمن عناصر کو ختم کرکے دم لیں گے۔


کرنل شفیق نیازی کا کہنا تھا کہ رینجرز نے 3 ماہ کے دوران 15 بڑے آپریشن اور 96 چھاپے مارے، رینجرز کی کارروائیوں کے دوران سیکڑوں ہتھیار برآمد کرکے 450 سے زائد افراد گرفتار کیے گئے جن میں 49 بڑے ٹارگٹ کلرز اور بھتا خور شامل تھے ۔ ان کا تعلق کالعدم تظیموں اور سیاسی جماعتوں سے ہے، انہوں نے کہا کہ رینجرز کی کارروائیوں سے مایوس ہوکر دہشت گرد اہلکاروں پر حملے کررہے ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر ہی کارروائی کی جاتی ہے۔ شہر کے تمام علاقوں میں بلا تفریق آپریشن کیا جارہا ہے اس سلسلے میں لیاری میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز کے پاس تلاشی اور گرفتاری کے اختیارات ہیں، حراست میں لئے گئے کسی بھی ملزم سے تفتیش پولیس کرتی ہے۔
Load Next Story