حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم ضروری ہے مولانا فضل الرحمٰن

انتخابات مقررہ مدت میں ہونے چاہیں، سربراہ جے یو آئی (ف)

ہماری جماعت آج بھی متحدہ مجلس عمل کا حصہ ہے،مولانا فضل رحمٰن فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم ضروری ہے جب کہ انتخابات مقررہ مدت میں ہونے چاہیں۔


ضلع کونسل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کا مسئلہ ابھی تک لٹکا ہوا ہے جس کیلئے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے جب کہ انتخابات مقررہ مدت میں ہونے چاہیں، نہ اس سے پہلے اسمبلیاں توڑی جائیں اور نہ ہی انتخابات میں تاخیر کی جائے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ انتخابات بروقت ہوں جس کیلئے سیاسی یکجہتی ضروری ہے جب کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے کسی سیاسی مذہبی جماعت نے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت آج بھی متحدہ مجلس عمل کا حصہ ہے جب کہ بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے نہیں چاہتے کہ مذہبی جماعتیں مستحکم ہوں اس لئے وہ مختلف قسم کے حربے استعمال کررہے ہیں لیکن جے یو آئی (ف) ان کے مذموم مقاصد خاک میں ملا دے گی۔
Load Next Story