راحت فتح علی خان کو لندن میں ہونیوالی ایوارڈ تقریب میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی

راحت فتح علی کے لاہور میں واقع فارم ہاؤس پر نامعلوم افراد نے نعرے بازی کرتے ہوئے ایوارڈ تقریب میں شرکت نہ کرنے کو کہا۔

احتجاج کرنے والوں نے راحت فتح علی خاں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ فوٹو: فائل

گلوکار راحت فتح علی خان نے نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی ملنے پر لندن میں ہونیوالی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔

لندن میں 10 دسمبر کو راحت فتح علی خان کو ان کی میوزک کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر بہترین گلوکار کا ایوارڈ دیا جانا تھا لیکن گزشتہ شب راحت فتح علی کے لاہور میں واقع فارم ہاؤس پر نامعلوم افراد نے نعرے بازی کرتے ہوئے ایوارڈ تقریب میں شرکت نہ کرنے کو کہا جب کہ نعرے بازی کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ لندن میں منعقدہ پاکستان اچیومنٹ ایوارڈ ایک مخصوص مذہبی گروہ کی تقریب ہے اس لیے اس تقریب میں شریک نہ ہوں۔


واضح رہے کہ احتجاج کرنے والوں نے راحت فتح علی خاں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں تاہم اس احتجاج کے بعد راحت فتح نے ایوارڈ شو میں شرکت سے معذرت کرلی۔

راحت فتح علی خان کے قریبی ذرائع کے مطابق اس شو کا معاہدہ ایک انٹرنیشنل پروموٹر نے کروایا تھا۔ راحت فتح علی خاں ایونٹ آرگنائزرز کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔ تاہم اب انھوں نے باقاعدہ ایونٹ آرگنائزرز کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ اس تقریب کا حصہ نہیں بنیں گے۔
Load Next Story