ایوارڈز میں میسی کا ہمسر بننے پر رونالڈو خوشی سے نہال

رئیل میڈرڈکیلیے عمدہ کھیل پرفرنچ ایوارڈ بیلون ڈی آر پانچویں بار قبضے میں کیا

رونالڈو نے پہلی مرتبہ 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے بیلن ڈی اور جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ فوٹو : فائل

پرتگالی اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو ہم عصر لیونل میسی کے ہمسر بن جانے پر بے انتہا مسرور ہیں۔

ارجنٹائنی فٹبالر میسی اس مقابلے میں دوسرے جبکہ رواں سال بارسلونا سے پیرس سینٹ جرمین کلب میں منتقل ہونے والے دنیا کے مہنگے ترین برازیلین کھلاڑی نیمار تیسرے نمبر پر رہے جب کہ رونالڈو نے اس سے قبل 2008، 2013، 2014 اور 2016 میں بھی یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا، رئیل میڈرڈ کے اسٹار اسٹرائیکر نے گزشتہ سیزن میں اپنے کلب کوچیمپئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


پیرس کے مشہور زمانہ ایفل ٹاور میں منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد رونالڈو کا کہنا تھا یہ وہ کچھ ہے جسے میں ہر سال دیکھنا چاہتا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا میں رئیل میڈرڈ کے اپنے ساتھیوں اور تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے اس مقام تک پہنچنے میں میری مدد اور رہنمائی کی، 2016 میں پرتگال کو یورو کپ جتوانے کے بعد رنالڈو نے رئیل میڈرڈ کی جانب سے 42 گول کیے۔

واضح رہے کہ رونالڈو نے چیمپئنز لیگ کے فائنل میں 2 گول کیے تھے، اپنی ٹیم پرتگال کو آئندہ سال روس میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرانے میں بھی انھوں نے اہم کردار ادا کیا، رونالڈو نے پہلی مرتبہ 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے بیلن ڈی اور جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

بعدازاں 2009 سے 2012 تک اگلے 4 سال لیونل میسی کی بالادستی قائم رہی لیکن 2013 میں رونالڈو نے دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ جیت کر میسی کی جیت کا تسلسل توڑ دیا اور 2014 میں لگا تار دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ جیت کر اپنے ایوارڈز کی تعداد 3 کرلی تاہم اگلے سال 2015 میں ایک مرتبہ پھر میسی نے یہ ایوارڈ جیت کر 5 مرتبہ ایوارڈ جیتنے کا کارنامہ انجام دیا لیکن اس کے بعد وہ اپنی کارکردگی کا تسلسل قائم نہ رکھ سکے جس کے بعد رونالڈو نے اگلے دونوں سال شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم رئیل میڈرڈ کو چیمپئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اوردونوں مرتبہ ایوارڈ جیت کر میسی کا 5 مرتبہ ایوارڈ جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔
Load Next Story