جرائم کی بیخ کنی پولیس کیلئے پرکشش اسکیم کا اعلان

3 پوائنٹس حاصل کرنیوالا تعریفی اسناد اور انعام کا حقدار ہوگا،کارروائیاں حقیقی ہونی چاہئیں،آئی جی.

پہلی بار پولیس افسر اور جوان کارکردگی پر پرکشش مراعات حاصل کرسکیں گے،سینئر افسر،پوائنٹس کی دھن میں پولیس افسران اور اہلکار کچھ بھی کرسکتے ہیں. فوٹو: فائل

قائم مقام آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ کی ہدایت پر پہلی بار اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری اور غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی پر پرکشش مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔

تاکہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے،اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری کی خصوصی مہم 15 روز تک جاری رہے گی،پہلے 3 پوائنٹس حاصل کرنے والے افسران کو تعریفی اسناد اور نقد انعام سے نواز جائے گا،تفصیلات کے مطابق قائم مقام آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ کی ہدایت پر اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے 15 روزہ خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جو 26 مارچ تک جاری رہے گی ، آئی جی سندھ کے دفتر سے جاری ہونے والی ہدایات کے مطابق خصوصی مہم کے دوران اچھے نتائج دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔

ایڈیشنل آئی جی اور تمام زونل ڈی آئی جیز روزانہ کی بنیاد پر اس مہم کے نتائج کی مانیٹرنگ کریں گے اور اس کے نتائج بذریعہ فیکس اے آئی جی پی آپریشن کے دفتر میں صبح 10 بجے تک روانہ کریں گے ، آئی جی سندھ کی جانب سے دی جانے والی ہدایات میں اس بات پر سختی سے زور دیا گیا ہے کہ اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری '' حقیقت'' پر مبنی ہونی چاہیے،اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری اور اسلحے کی برآمدگی کے لیے شروع کی جانے والی خصوصی مہم میں پہلی بار پوائنٹس رکھے گئے ہیں۔


جس میں '' اشتہاری ملزمان بم بلاسٹ ، قتل ، رابری اور ڈکیتی کے5 پوائنٹس ، '' اشتہاری ملزمان دیگر مقدمات کے 4 پوائنٹس، مفرور ، روپوش ملزمان ، بم بلاسٹ ، قتل ، رابری کے 3 پوائنٹس، مفرور روپوش ملزمان یا دیگر مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر 2 پوائنٹس جبکہ روپوش ملزمان کی گرفتاری پر ایک پوائنٹ رکھا گیا ہے اسی طرح اسلحہ برآمدگی میں بارودی مواد و روپوش ملزمان 5 کلو دھماکا خیز مواد ، دستی بم اور راکٹ رانچر برآمد کرنے کے5 پوائنٹس رکھے گئے ہیں۔



جبکہ اسی طرح '' ایل ایم جی ، ایس ایم جی اور دیگر خودکار اسلحہ برآمد کرنے والے پولیس افسر کو 4 پوائنٹس رکھے گئے ہیں، رائفل ، ریپیٹرگن کی برآمدگی پر 2 پوائنٹس جبکہ پستول و ریوالور کی برآمدگی کے لیے ایک پوائنٹ رکھا گیا ہے،آئی جی سندھ کی ہدایت کے مطابق پہلے 3 پوائنٹس لینے والے افسران کو سی سی ون سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دیا جائے گا،آئی جی سندھ کی جانب سے مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور اسلحہ کی برآمدگی میں پرکشش مراعات (پوائنٹس) دیے جانے کے حوالے سے کراچی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری اور غیر قانونی اسلحے کی برآمدگی کے حوالے سے پولیس کی جانب سے مہم معمول کا حصہ ہے۔

تاہم پہلی بار پولیس افسران اور جوانوں کے لیے پوائنٹس کی صورت میں جو پرکشش مراعات دی گئی ہیں اس حوالے سے آئی جی سندھ کو بھی سخت چیک اینڈ بیلنس رکھنا پڑے گا جس کی وجہ پوائنٹس حاصل کرنے کی دھن میں پولیس افسران و اہلکار کچھ بھی کر سکتے ہیں اور ماضی میں بھی اس طرح ہوتا رہا ہے کہ پولیس افسران و اہلکار اگلے عہدے پر ترقی سمیت نقد انعامات کے حصول کے نشے میں کچھ بھی کر گزرتے ہیں جس کا براہ راست نقصان ایک ایسے شخص کو بھی برداشت کرنا پڑ سکتا ہے جو شاید اس جرم میں ملوث ہی نہ ہو لہذا پرکشش مراعات سے پولیس کی کارکردگی میں وقتی طور پر تو اضافہ ہوسکتا ہے تاہم اس عمل سے مستقل طور پر خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہو سکیں گے۔
Load Next Story