ہماری مخالفت ضرور کرو لیکن ملک کے ساتھ نہیں کھیلو خواجہ سعد رفیق

(ن) لیگ نے جمہوریت کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کیا اورہم جمہوریت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سعد رفیق

ایک جماعت سندھ کی حکمران ہے لیکن سندھ کو کھنڈر بنا دیا ہے، سعد رفیق ۔ فوٹو: فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہماری مخالفت کرو لیکن ملک کے ساتھ نہیں کھیلو جب کہ جمہوریت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

لاہور میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سی پیک عمران خان کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، یہ جھوٹا کہتا تھا چین کے صدر نے پاکستان نہیں آنا تھا جب کہ چین کے سفارتحانے نے بیان جاری کیا کہ چین کے صدر کو پاکستان آنا تھا، سی پیک کئی مہینے لیٹ ہوگیا مگر تمہیں شرم نہیں آئی، ہم کام کرتے اور آپ سازشیں کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو تماشا بنانے کی کوشش کی، کارکن جیلوں میں اور عمران خان بنی گالا میں پش اپ لگارہے تھے، معلوم نہیں عمران خان کے پیچھے کون سی طاقتیں تھیں۔


وزیر ریلوے نے کہا کہ کہا گیا الیکشن چوری کیا گیا، جہاں تم ہارتے ہو کہتے ہو دھاندلی ہوئی، جہاں جیتتے ہو تو کہتے ہو دھاندلی نہیں ہوئی، یہ کیسی چوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جماعت سندھ کی حکمران ہے لیکن سندھ کو کھنڈربنادیا ہے، آصف زرداری کہتے ہیں کہ ہم کلین سوئپ کریں گے میں انہیں کہتا ہوں آپ کس طرح کلین سوئپ کریں گے جب کہ آپ کراچی کا کچرا تو اٹھا نہیں سکے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہماری مخالفت کرولیکن ملک کے ساتھ نہیں کھیلو یہ پیغام سب کے لیے ہے اور یہ پیغام ان کے لیے بھی ہے جو ایم این ایز کو فون کرتے ہیں،(ن) لیگ نے جمہوریت کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کیا اورہم جمہوریت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
Load Next Story