وفاقی حکومت مسئلوں اور کرپشن کے گناہوں میں الجھ گئی ہے پرویز خٹک

ملک کی تمام پارٹیاں اکٹھی ہوجائیں تب بھی پی ٹی آئی ان کا اکیلے مقابلہ کرے گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

اللہ تعالی کا نظام ہے غلط لوگوں کو اس دنیا میں بھی سزا ملتی ہے، پرویز خٹک ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے مسئلوں اور کرپشن کے گناہوں میں الجھ گئی ہے۔


پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنے مسئلوں اور کرپشن کے گناہوں میں الجھ گئی ہے، وفاقی حکومت کی رٹ قائم نہیں رہی، انہیں حکومت سے دستبردار ہوجانا چاہئے اور اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات وقت سے قبل ہونے چاہئے کیوں کہ ملک کی معیشت اور لاء اینڈ آرڈر تباہ ہورہا ہے، اگر وفاقی حکومت کو ملک سے محبت ہے تو وہ انتخابات کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 2018 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی سمیت کسی بھی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے اور نہ ہی تحریک انصاف کسی اتحاد میں شامل ہوگی، اگر ملک کی تمام پارٹیاں اکٹھی بھی ہو جائیں تب بھی تحریک انصاف ان کا اکیلے مقابلہ کرے گی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں جو قتل عام ہوا تھا، اس میں ہم طاہر القادری کے ساتھ کھڑے ہیں، کیوں کہ یہ انسانیت سوز ظلم ہوا ہے اور ظالم کو سزاملنی چاہئے جب کہ ظالم کے خلاف تحریک انصاف ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن کرنے والے لوگ بڑے ماہر ہیں، وہ اپنے پیچھے کوئی ثبوت چھوڑ کر نہیں جاتے جب کہ نوازشریف پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عذاب آیا کہ وہ پھنس گیا اور اس کے بعد نوازشریف پر ایک اور عذاب آیا جب اس نے حلف نامے میں تبدیلی کی، اللہ تعالی کا نظام ہے کہ غلط لوگوں کو اس دنیا میں بھی سزا ملتی ہے۔
Load Next Story