پاک کالونی میں رینجرز کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار ہلاک

ہلاک ہونے والا ملزم ہے اور اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، رینجرز کا دعویٰ

ہلاک ہونے والا ملزم ہے اور اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، رینجرز کا دعویٰ فوٹو: فائل

پاک کالونی میں رینجرز نے موٹر سائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

جس کے بارے میں رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم ہے اور اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے بکرا پیڑی فلائی اوور کے قریب رینجرز کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 28 سالہ راشد بلوچ ہلاک ہوگیا ، رینجرز سندھ ترجمان کے مطابق رینجرز اہلکار اسنیپ چیکنگ کر رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔




جس پر انھوں نے رینجرز پر فائرنگ کر دی اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈبل سواری تھے رینجرز نے نہ روکنے پر فائرنگ کر دی تاہم ہلاک ہونے والے شخص کے قبضے سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا ہے۔

جبکہ رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص موٹر سائیکل پر اکیلا سوار تھا اور نہ رکنے پر رینجرز نے اسے گولی مار دی ، پولیس کے مطابق فائرنگ سے راہگیر شوکت بھی زخمی ہوا ہے ، رینجرز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والا مبینہ ملزم راشد لیاری کے علاقے سنگولین کا رہائشی تھا اور اس کی ہلاکت کی اطلاع جب وہاں پہنچی تو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے شدید فائرنگ کر کے دکانیں و کاروبار بند کرا دیا جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم کا سی آر او سے کرائم ریکارڈ چیک کرایا جا رہا ہے ۔
Load Next Story