مچھلی بازاروں میں گاہکوں کا رش موسم سرما میں مچھلی اور جھینگے کا استعمال بڑھ گیا

موسیٰ کالونی کا مچھلی بازار گزشتہ 50 سال سے قائم ہے، یہاں مختلف اقسام کی مچھلیاں، جھینگے اور کیکڑے فروخت کیے جاتے ہیں۔

بازار میں شکاری بھی مچھلیاں فروخت کرتے ہیں، روز 6 ٹن مچھلی فروخت ہوتی ہے، مچھلی فروش۔ فوٹو: فائل

کراچی میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی مچھلی جھینگے اور سمندری خوراک کے استعمال کا رجحان بڑھ گیا ہے جب کہ شہر کے مختلف بازاروں میں مچھلی کے عارضی اور پختہ بازاروں میں گاہکوں کا رش ہے۔

کراچی میں فیڈرل بی ایریا اور نارتھ ناظم آباد سے ملحقہ موسیٰ کالونی کا بازار کراچی کا قدیم اور بڑا مچھلی بازار ہے جو گزشتہ 50 سال سے قائم ہے اس بازار میں 50 سے زائد چھوٹی دکانیں ہیں جہاں مختلف اقسام کی مچھلیوں کے علاوہ جھینگے، کیکڑے اور لوبسٹر بھی فروخت کیے جاتے ہیں۔

موسیٰ کالونی کے بازار میں سمندری مچھلیوں کے علاوہ میٹھے پانی کی مچھلیاں بھی فروخت کی جاتی ہیں گہرے سمندر سے جال لگاکر پکڑی جانے والی مچھلیوں کے علاوہ شوقیہ شکاریوں کی پکڑی گئی مچھلیاں بھی اس بازار میں فروخت کی جاتی ہیں۔ موسیٰ کالونی کے بازار میں کراچی فش ہاربر سے یومیہ 5 سے 10گاڑیوں کے ذریعے مچھلیاں لائی جاتی ہیں شہر کے مختلف اور دوردراز علاقوں سے بھی گاہک اس روایتی مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں۔


گاہکوں کا کہنا ہے کہ موسیٰ کالونی کے بازار میں مچھلیاں شہر کی نسبت کم قیمت پر ملتی ہیں جو معیار میں بھی بہتر ہوتی ہیں اسی لیے شہریوں کی اکثریت اس بازار سے مچھلیاں خریدنے کو ترجیح دیتی ہے کراچی میں لیاری کے نزدیک کھڈہ مارکیٹ کے مچھلی بازار کو بھی شہرت حاصل ہے تاہم لیاری میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث شہریوں نے اس بازار کا رخ کرنا چھوڑدیا ہے۔

موسیٰ کالونی کے بازار سے عام شہریوں کے علاوہ مچھلی فرائی کر کے فروخت کرنے والے دکاندار، ریسٹورینٹ مالکان اور کیٹرنگ سروس کا کام کرنے والے بھی مچھلیاں خریدتے ہیں۔

موسیٰ کالونی کے مچھلی بازار میں40 سال سے مچھلیاں فروخت کرنے والے احمد بھائی نے بتایا کہ موسیٰ کالونی کا مچھلی بازار کراچی میں مچھلیوں کا سب سے بڑا بازار ہے جہاں یومیہ 6 ٹن مچھلی فروخت کی جاتی ہے پورے شہر کے علاوہ شہر کے باہر سے بھی خریدار مچھلی خریدنے موسیٰ کالونی آتے ہیں کراچی میں زیادہ تر سرمئی، دھوتر، ہیرا، روہو، پلہ، کند اور پاپلیٹ مچھلی خریدی جاتی ہے ایک بڑا طبقہ جھینگوں کا بھی شوقین ہے، ایک جھینگے میں 4 دیسی انڈوں کے برابر توانائی حاصل ہے موسم سرما میں مچھلی اور جھینگے غذائیت کے حصول کا اہم اور سستا ذریعہ ہیں موسیٰ کالونی کے بازار میں مچھلی کی اوسط قیمت 300 سے 400 روپے کلو تک وصول کی جاتی ہے، بعض مچھلیوں کی قیمت 800 سے ایک ہزار روپے تک وصول کی جاتی ہے بالخصوص بڑے سائز کی ہیرا اور پاپلیٹ مچھلیاں مہنگے داموں فروخت ہوتی ہیں، دیّا نامی مچھلی سستی اور عوامی مچھلی ہے جو 200 سے 250 روپے کلو تک فروخت کی جاتی ہے۔
Load Next Story