ن لیگی رہنماؤں کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی کی درخواست

عدلیہ مخالف بیانات میڈیا پر نشر کرنا خلاف قانون ہے، درخواست گزار کا مؤقف

درخواست میں وفاقی حکومت اور چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے ۔ فوٹو : فائل

ہائی کورٹ میں مریم نواز، دانیال عزیز، مریم اورنگزیب، جاوید ہاشمی اور دیگر (ن) لیگی رہنماؤں کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔


لاہور ہائی کورٹ میں ن لیگی رہنماؤں کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی کی درخواست آمنہ ملک نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت اور چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی کے بعد (ن) لیگی رہنما عدلیہ مخالف تقاریر کر رہے ہیں اور تقاریر میڈیا پر نشر کی جارہی ہیں، سیاسی یا غیر سیاسی شخص کےعدلیہ مخالف بیانات میڈیا پر نشر کرنا خلاف قانون ہے، سیاست دانوں کی عدلیہ مخالف تقاریر میڈیا پر نشر کرنا ملکی مفاد اور قومی سلامتی کے خلاف ہے جب کہ چیئرمین پیمرا عدلیہ مخالف تقاریر کی نشریات روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کی طرف سے پیمرا کو (ن) لیگی رہنماؤں کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سے روکنے اور عدلیہ مخالف تقاریر نشرکرنے والے چینلز کا لائسنس منسوخ کرنے کا پابند بنایا جائے۔
Load Next Story