سرد ہوائیں چلنے کے بعد یخنی اور کارن سوپ کے ٹھیلوں پر رش

سردی کی شدت بڑھتے ہی چائنیز ریسٹورینٹ کی رونقیں بھی بڑھ گئیں،پاپوش میں واقع ’’دیسی مرغی کے سوپ‘‘ کی قدیم دکان مشہور ہے

تلی ہوئی مچھلی کی دکانوں پرگاہکوں کارش،مٹھائی کی دکانوں پراخروٹ،کاجو،پستہ،بادام اورکھوئے سے تیارحلووں کی فروخت بڑھ گئی۔ فوٹو؛ ایکسپریس

کراچی میں بدھ کی ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہری گرم کپڑوں میں ملبوس ہوگئے ہیں جب کہ شہر بھر میں یخنی اور کارن سوپ کے پتھاروں اور ٹھیلوں پر شہریوں کا رش لگا رہا۔

کراچی میں یخنی کی قدیم دکان پاپوش میں واقع ہے ''دیسی مرغی کے سوپ'' کی یہ دکان مشہور ہے جہاں یخنی کے ساتھ ابلی ہوئی دیسی مرغی کا گوشت بھی گاہکوں کو پیش کیا جاتا ہے جس سے دیسی انڈوں کی یخنی کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے سردی کے دوران شہر میں چھوٹے بڑے چائنیز ریسٹورینٹ کی رونقیں بھی بڑھ گئی ہیں شہری موسم سرما سے لطف اندوز ہونے کیلیے اب چینی ذائقوں سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔

سردیوں میں تلی ہوئی مچھلی کی طلب بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے تلی ہوئی مچھلی بیچنے والوں کی مشہور دکانوں پر گاہکوں کا رش دیدنی ہے حسن اسکوائر کی فوڈ اسٹریٹ کو شہر میں مچھلی کی فروخت کے مرکز کی حیثیت حاصل ہوگئی ہے جہاں مختلف اقسام کی تلی ہوئی مچھلی فروخت کی جاتی ہے شہریوں کی بڑی تعداد سرد موسم میں حلوہ جات کھاکر لطف اٹھارہے ہیں۔


مشہور مٹھائی کی دکانوں پر اخروٹ، کاجو، پستہ، بادام اور کھوئے سے تیار کردہ حلوے کی فروخت کئی گنا بڑھ گئی ہے، سردیوںکی سوغات گاجر کا حلوہ تو ہر حلوائی اور مٹھائی کی دکان پر دستیاب ہے، سردیاں شروع ہونے سے قبل ہی خوانچہ فروشوں نے مونگ پھلی کے ٹھیلے لگانے شروع کر دیے تھے۔

اس وقت مونگ پھلی کے ٹھیلوں کو دیکھ کر اندازہ نہیں ہوپارہا تھا کہ سردی اتنی شدید ہوجائے گی کہ خشک میووں کی بھی طلب بڑھ جائے گی جب کہ سردی کی موجودہ لہر میں خشک میوے اور مونگ پھیلی بیچنے والے خوانچہ فروشوں کی تو لاٹری نکل آئی ہے دوپہر کے بعد سے ہر گلی اور سڑک کی نکڑ پر مونگ پھلی والا موجود رہتا ہے جہاں سے شہری حسب استطاعت مونگ پھلی اور خشک میوے لے کر موسم کا مزا لے رہے ہیں۔

 
Load Next Story