سانحہ ماڈل ٹاؤن پر طاہر القادری کا اے پی سی بلانے کا اعلان
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اصل مقدمہ تو ماڈل ٹاؤن کا ہے، باقی مقدمات اپنے وقت پر کھلیں گے، 17 جون 2014ء کو پنجاب حکومت نے منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا جس میں 45 تھانوں سے چن چن کر 809 شوٹرز بلائے گئے جب کہ حملہ کرنے والوں میں شارٹ شوٹرز اور اسنائپرز شامل تھے۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ اتنا بڑا آپریشن وزیر اعلیٰ کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان 31 دسمبر تک سرنڈر کرکے خود کو قانون کے حوالے کریں، ہم اس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلا رہے ہیں جس میں تمام بڑی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا، تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرکے ہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔