ناصراسلم زاہد اوررسول بخش پلیجوپیپلزپارٹی سے انصاف نہیں کرپائیں گےکائرہ

حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے ناموں میں سے کسی نام کو واپس نہیں لیا گیا ابھی مشاورتی عمل جاری ہے،کائرہ

امید ہے کہ نوازشریف نگراں وزیراعظم کے عہدے کے لئے کسی اچھی شہرت کے نام پر متفق ہوجائیں گے، کائرہ فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے ایک بارپھر نگراں وزیراعظم کے لئے چوہدری نثارکے نجویزکردہ ناموں پراعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصراسلم زاہد کےبہنوئی کےقتل کامقدمہ صدرآصف زرداری کےخلاف درج ہوا اوررسول بخش پلیجو نے پیپلز پارٹی کےخلاف اتحاد بنایا ہواہے۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے جونام دیئے گئے ہیں ان میں سے رسول بخش پلیجو ایک جماعت کے سربراہ اوران کے بیٹے صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد میں شامل ہیں اورجسٹس(ر)ناصراسلم زاہد کے بہنوئی جسٹس نظام کے قتل میں آصف زرداری کو ملوث کیا گیا ، کیا ایسے لوگ پیپلزپارٹی کے ساتھ انصاف کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے میں نے کہا تھا کہ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثارعلی خان نے نگران وزیراعظم کے نام نہیں دیئے بلکہ مذاق کیا ہے جس کا انہوں نے بہت برا منایا تھا۔


قمرزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے ناموں میں سے کسی نام کو واپس نہیں لیا گیا ابھی مشاورتی عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ نوازشریف جو تدبر اورتحمل کا مظاہرہ کرتے ہیں نگراں وزیراعظم کے عہدے کے لئے کسی اچھی شہرت کے نام پر متفق ہوجائیں گے ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ سیاسی قیادت ہی حل کرلے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ اگرنگران وزیراعظم کا تقررپارلیمانی کمیٹی یا الیکشن کمیشن کے ذریعے ہوتا ہے تو پھر کمیٹی اور الیکشن کمیشن کو بھی دیکھنا ہوگا کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے بھیجے گئے ان دونوں ناموں کا پیپلزپارٹی کے ساتھ کیسا تعلق ہے اوروہ کیا نگراں وزیراعظم بننے کے بعد پیپلزپارٹی کے ساتھ انصاف کرپائیں گے یا نہیں۔
Load Next Story