سیہون میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

کراچی سے لاڑکانہ جاتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی 2 کوچز اور مسافر بردار سوزوکی میں تصادم ہوا

دونوں کوچز کے ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو چکے، عینی شاہدین۔ فوٹو؛ ایکسپریس

انڈس ہائی وے پر کوچز اور مسافر بردار سوزوکی میں تصادم کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انڈس ہائی وے پر چھچر بس اسٹاپ کے قریب کراچی سے لاڑکانہ جاتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی 2 کوچز اور مسافر بردار سوزوکی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار 10 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں 5 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں جن کی شناخت جمال، کامل، جمشید، احمد، جمیل، ریشمہ، سائرہ، اجوا، اقرا اور صائمہ کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق لاڑکانہ کے علاقہ شیخ محلہ سے بتایا جاتا ہے۔


حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تمام لاشوں کے ساتھ زخمیوں کو بھی پولیس موبائلوں میں مانچھر اور جامشورو کے اسپتال روانہ کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ہونے والے 15 افراد میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم دونوں کوچز کے ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو چکے تھے۔

 
Load Next Story