دبئی میں پاکستانی ملازم نے چھٹی نہ دینے پر بھارتی باس کو قتل کردیا

پچیس سالہ ملازم نے چند روز قبل اپنے بھارتی سپروائزر کو چھٹیوں کی درخواست دی تھی

ملزم نے مقتول کے سینے اور پیٹ میں چاقو گھونپا،پولیس،فوٹو:فائل

پاکستانی شہری نے چھٹی کی درخواست مسترد کرنے پر باس کو چاقو کے وار سے قتل کردیا۔

اماراتی میڈیا کے مطابق لرزہ خیز قتل کا یہ واقعہ جبلِ علی میں پیش آیا جہاں 25 سالہ پاکستانی نوجوان نے اپنے بھارتی سپروائزر کو تیز دھار چاقو کے پے در پے وار سے موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم نے چند روز قبل سپروائزر کو چھٹیوں کی درخواست دی تھی جسے ایک ہفتے بعد افسران بالا نے مسترد کردیا جس پر ملزم طیش میں آگیا اور اس نے سپروائزر پر قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے سینے اور پیٹ میں چاقو کے وار کرڈالے.


یہ خبر بھی پڑھیں: دبئی میں پولیس اہلکار کی کلائی پر کاٹنے والی غیر ملکی خاتون گرفتار

اس جان لیوا حملے میں باس موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ ملزم نے دوسرے ملازم پر بھی حملہ کیا جو زخمی ہوگیا اور مزاحمت کے دوران قاتل کے ہاتھ سے چاقو گر گیا اور زخمی شخص نے اسے پکڑ لیا۔

پولیس افسر نے وکیل استغاثہ کو بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پرجب وہ جائے وقوع پہنچے تو انہوں نے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے آلہ قتل قبضے میں لے لیا اس وقت ملزم کے کپڑے خون آلود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول اور قاتل کے درمیان کام سے چھٹیوں کے معاملے پر تنازع شروع ہوا جب کہ میڈیکل رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ مقتول کے پھیپھڑوں اور جگر پر تیز دھار آلے کے وار سے گہرے زخم آئے۔
Load Next Story