ایئرچیف نے کراچی کے نزدیک بھولاری ایئربیس کا افتتاح کردیا

بھولاری بیس سی پیک منصوبوں کے تحفظ کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرے گا، ایئر چیف

بھولاری ایئربیس سے کراچی کی ساحلی پٹی پر بحری دفاع مزید مضبوط ہوگا، ترجمان ایئرفورس، فوٹو : ٹویٹر

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر کراچی کے نزدیک بھولاری ایئر بیس کا افتتاح کردیا گیا۔

ترجمان پاکستان ایئر فورس کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی جس میں کراچی کے قریب پی اے ایف کے نئے آپریشنل بھولاری ایئر بیس کا افتتاح کردیا گیا، پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔


افتتاحی تقریب کے موقع پر 4 ایف سولہ طیاروں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے فلائی پاس کیا جب کہ بیس کمانڈر نے شرکا کو انفرا اسٹرکچر اور مختلف سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کا کہنا تھا کہ بھولاری بیس ایک اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، بھولاری بیس سے پی اے ایف کی زمین پر اور سمندر میں صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی، بیس کے قیام سے پی اے ایف پاک فوج کے زمینی آپریشنز کی مؤثر انداز میں مدد کرسکے گی، پاک نیوی کے آپریشنز کے حوالے سے بھی یہ ایئر بیس معاون ثابت ہوگا۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ بھولاری ایئربیس ملک کے فضائی دفاع کے علاوہ سی پیک منصوبوں کے تحفظ کے لیے بھی کلید ی کردار ادا کرے گا اور اس سے علاقے کی ترقی، صحت و تعلیم کے شعبوں میں خدمات اورمقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے۔
Load Next Story