ایشین ایکسی لینس میڈیا اینڈ میلوڈی ایوارڈ

ایشین میڈیا اینڈ میلوڈی ایوارڈ پاکستان فلم انڈسٹری کے لیونگ لیجنڈ مصنف و ہدایت کار سید نور نے تقسیم کئے۔

معروف فنکاروں کی پرفارمنس نے شرکاء کے دل جیت لئے۔ فوٹو؛ فائل

ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیراہتمام لاہور آرٹس کونسل (الحمراء) کے تعاون سے '' ایشین ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈ'' کی سلور جوبلی کے سلسے میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار '' ایشین میڈیا اینڈ میلوڈی ایوارڈ '' کی ایک خصوصی اوررنگارنگ تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پرجہاں فنون لطیفہ، شعبہ صحافت، سیاست اورکاروباری طبقے کی معروف شخصیات شریک ہوئیں، وہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں فنکاروں اور مختلف شعبوں میں گراں قدرخدمات انجام دینے والوںکو ایوارڈز دیئے گئے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ نعت رسول مقبول ﷺ نامور گلوکارہ زیبا سحر نے پیش کی۔ ورسٹائل ڈانس گروپ نے فیاض خان کی سربراہی میں صوفی پرفارمنس پیش کر کے ہال میں سماں باندھ دیا۔ اس یادگار تقریب میں لیجنڈ مصنفہ ، شاعرہ رخسانہ نور کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں میڈیا کی معروف شخصیات کے ساتھ ساتھ تعلیم کے شعبہ میں نمایاں خدمات پر ایوارڈزدیئے گئے۔ان میں ایشین میلوڈی ایوارڈ سینئر فوک سنگرشوکت علی، صوفی فوک سنگرعارف لوہار، گلوگار انور رفیع، میلوڈی کوئین گلوکارہ شاہدہ منی، گلوکارہ عذرا جہاں، موسیقار ذولفقارعلی، کامیڈین حسن عباس اور بہترین ڈی جے ولی سن کو دیئے گئے۔ اس کے علاوہ شعبہ تعلیم اورصحافت میں

سعید آسی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ، خالد شریف لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ برائے شاعر، سید خالد حسین شاہ کو تعلیمی خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈدیا گیا، جبکہ چیف ایگزیکٹوکپس ایجوکیشن سسٹم عابد وزیر خان (تعلیمی خدمات پر) جو کہ ان کے بھائی خالد وزیر خان نے وصول کیا، ایثار رانا ، ذولفقار راحت، میاںحبیب اللہ ، ایس ایم رضا شاہ ، گروپ کیپٹن (ر) مسرور الحسن ، الطاف احمد بھٹ ، عاشق سہو، ناصر بشیر ، خرم خان ، ڈاکٹر جواز جعفری ، سید ندیم الحسن گیلانی ، ندیم نظر ، زین مدنی حسینی ، نعیم حنیف، نثار احمد صدیقی ، وحید اقبال ، ڈاکٹر میمونہ مرتضٰے ملک ، ارشد لئیق اور سٹیج مینجر حاجی عبد الرزاق کو ایشین میڈیا ایوارڈ کا حق دار قرار دیا گیا۔

اس موقع پرجہاں شاہدہ منی، عذراجہاں، عارف لوہار، انوررفیع اورشوکت علی نے اپنے گیتوں سے حاضرین کوخوب محظوظ کیا ، وہیں کا میڈین سعید سہکی، حسن عباس کی دلچسپ گفتگو اور پیروڈی نے شائقین کولوٹ پوٹ کیا۔ تقریب میں شوبز کے ستاروں کی کہکشاں سٹیج پراپنے جلوے بکھیرتی رہی۔ تقریب میں اداکار ہ پریا خان اور پلک رانا کی پرفارمنس پر شرکاء جھومتے رہے۔ مشہور قوال و گلوکار مسرور فتح علی خان نے اپنی آواز کا جا دوجگایا ۔ جبکہ کمپیئرنگ کے فرائض اعظم منیر ، امتیاز کوکب اور ٹی وی آرٹسٹ عائشہ راچپوت نے انجام دئیے۔

ایوارڈ تقریب کے اختتام پر''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے مہمان خصوصی سیدنورنے کہا کہ ایوارڈ کسی بھی فنکاراورتکنیکارکیلئے مزید بہتر کام کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔ دنیا بھرمیں آسکرایوارڈ کوایک خاص مقام حاصل ہے۔ جواس ایوارڈ کوجیت لیتے ہیں، وہ توعظیم بن جاتے ہیں لیکن جن کی اس کیلئے نامزدگی بھی ہوجائے اسے بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اس لئے میں سمجھتا ہوںکہ سہیل بخاری اس سلسلہ میں جوخدمات گزشتہ کئی برسوں سے انجام دے رہے ہیں، وہ قابل ستائش ہیں۔ ان کی جانب سے ہرسال اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ہمارے لئے بھی تفریح کا باعث بنتا ہے۔ اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد زیادہ سے زیادہ ہونا چاہئے اورعمدہ کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔


گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ آج سب صحافی برادی کواکٹھا کر کے جوعزت دی گئی ہے وہ تمام عمر یاد رکھیں گے ۔ ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے روح رواں سید سہیل بخاری نے اپنی مدد آپ کے تحت 36سال سے ثقافت ،آرٹ اور زندگی کے تمام شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے لئے ایشین ایوارڈ، ایشین ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈ منعقد کر رہے ہیں اسکے علاوہ اعتراف فن ، اعترافِ خدمت کی تقریبات اور تعزیتی ریفرنس کا انعقاد بھی کرتے ہیں۔ ان کی خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے وہ کم ہے۔

گلوکار شوکت علی نے کہا کہ فنون لطیفہ کے شعبوں کاکام کولوگوں کوتفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایجوکیٹ کرنا بھی ہے۔ یہ سلسلہ بہت پرانا ہے لیکن ہمارے معاشرے میں فنکارکوجومقام دیا جاتا ہے، اس پرنظرڈالنے کی ضرورت ہے۔ بلاشبہ سہیل بخاری جس طرح سے فنکاروںکی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے عرصہ دراز سے ایوارڈشوز کا انعقاد کررہے ہیں اوراس کے ساتھ ساتھ اب توشعبہ صحافت میںنمایاں کارکردگی دکھانے والوںکو ایوارڈ سے نواز رہے ہیں، اس پربہت خوشی ہورہی ہے۔ جب تک ایک فنکارکی حوصلہ افزائی نہیں ہوگی، تب تک وہ اپنے فن کی بدولت لوگوںکو انٹرٹین نہیں کرپائے گا۔ میں توسمجھتا ہوں کہ ایک ایوارڈ کسی بھی فنکارکومزید بہترکام کرنے کی ہمت دیتا ہے ۔ اس لئے یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔

گلوکارعارف لوہار نے کہا کہ جس شخص کے پاس عزت ہوتی ہے وہی دوسروں کو عزت دیتا ہے۔ سید سہیل بخاری نے ہمیشہ دوسروں کو عزت دی ہے اورفنکاروںکی حوصلہ افزائی کی ہے۔ آج وہ ہم سب میں ایوارڈز تقسیم کرکے ہماری خدمات کو جلا بخش رہے ہیں۔خاص طورپرجس طرح مرحومہ رخسانہ نوراورصحافی مرحوم سعید چوہدری کوخراج تحسین پیش کیا گیا ہے، اس طرح کی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔ میں سمجھتا ہوںکہ ہمیں اپنے ان ساتھیوں اوران کی فیملیز کوکبھی نہیں بھولنا چاہئے جوکبھی ہمارے ساتھ ہوتے تھے اوران کے ساتھ زندگی کا بہت سا حصہ گزرا ہوا۔

اس موقع پرتقریب کے روح رواں سید سہیل بخاری نے کہا کہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو مدعو کیا گیا تھا مگر ان کی مصروفیات کی وجہ سے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب وزیر اعلیٰ کو نمائندگی کے لئے تقریب میں پہنچنا تھا ، جس کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس سے ڈائریکٹر پروگرامز شمس عالم نے یقین دہانی کروائی تھی مگر موصوف نے بھی ایشین میڈیا اینڈ میلوڈی ایوارڈ کی میگا تقریب میں شرکت کرنا گوارا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج اس تقریب میں پرنٹ میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا کے علاوہ موسیقی کے لیونگ لیجنڈز نے شرکت کرکے تقریب کو رونق بخشی اور ہمیں اس تقریب میں کسی وزیر کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ ایشین میڈیا اینڈ میلوڈی ایوارڈ پاکستان فلم انڈسٹری کے لیونگ لیجنڈ مصنف و ہدایت کار سید نور نے تقسیم کئے۔ ان کے ساتھ ساتھ سٹیج پر ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سرپرست مرزا ارشد بیگ ، یو کے کے معروف بزنس مین خلیل لودھی اور چیف پبلک ریلیشنز آفیسر ڈسٹرکٹ گورنمٹ لاہور ڈاکٹر سید ندیم الحسن گیلانی کو بھی اسٹیج پر بلایا جاتا رہا۔ سید سہیل بخاری نے مزید کہا کہ آئندہ برس 23جنوری کو ایشین میڈیا اینڈ میلوڈی ایوارڈکا پارٹ ٹو منعقد کیا کیا جائے گا۔
Load Next Story