واپڈا ملازمین کے مسائل فوری حل کیے جائیں لطیف نظامانی

ملازمین کے بچوں کیلیے نوکریوں کے مختص کوٹے پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دیں گے

عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ ہائیڈرو سینٹرل لیبر یونین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 45 برسوں سے واپڈا ملازمین کے مفادات اور مراعات حاصل کرتی آرہی ہے۔

پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ یتیم و بے سہارا اور شہید واپڈا ملازمین کے بچوں کے لیے مختص نوکریوں کے کوٹے کو سیاسی بنیادوں پر بندر بانٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اگر واپڈا ملازمین کے جائز مسائل کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو پھر احتجاج کرنے میں حَق بجانب ہوں گیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لیبرہال حیدرآباد میں صوبائی، زونل اور ڈویژنل عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمران غربت کے خاتمے کے نام پر غریبوں کا خاتمہ اور روٹی، کپڑا اور مکان کے بدلے گولی، کفن اور قبر دے رہے ہیں، ہماری یونین نے حکومت سے مذاکرات کے بعد واپڈا ملازمین کے بچوں کے لیے نوکریوں کو 33 فیصد کوٹہ لیا لیکن حکومت جاتے جاتے ہمارے کوٹے پرشب خون مار رہی ہے۔

حکومت نے تمام ملازمین کو5 سال بعد2 اسکیل اپ گریڈیشن کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پر بھی عمل درآمد نہیں ہورہا ، اسی طرح حیسکو کے ملازمین کو کئی ماہ سے میڈیکل الاؤنس کی کٹوتی کے باوجود ادویہ فراہم نہیں کی جارہی، ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسپتالوں میں ادویہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور واپڈا اسپتال کی حسین آباد منتقلی کے بعد پہلے کی طرح لطیف آباد اورسٹی میں ڈسپینسریاں قائم کی جائیں، اگر جائز مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہونگیں۔




شرکاء سے صوبائی جنرل سیکریٹری اقبال قائمخانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18 مارچ کو واپڈا میں ریفرینڈم کے حوالے سے این آئی آرسی میں اجلاس ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ادارے میں بروقت ریفرینڈم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ حق داروں کا انکا حق مل سکے۔

اجلاس میں ملک سلطان علی، اعظم خان، آل پاکستان ورکرز یونین کے مرکزی چیئرمین اقبال احمد خان، محمد حنیف خان، اسد اﷲ، وحید پٹھان، راؤ سعید احمد سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ دریں اثناء مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی سے حیسکو کے شعبہ جی ایس سی کے ملازمین کے ایک وفد نے ریاض احمد قریشی کی قیادت میں ملاقات کی اور انھیں ملازمین کی جانب سے یونین کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے۔ عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ ہائیڈرو سینٹرل لیبر یونین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 45 برسوں سے واپڈا ملازمین کے مفادات اور مراعات حاصل کرتی آرہی ہے ۔
Load Next Story