2017ء کے مارچ اپریل میں تاریخ بن جانے والے اہم ملکی اور عالمی واقعات

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں پاک افغان سرحد کے قریب پہلا ڈرون حملہ کیا گیا۔

آٹھ مارچ کو کابل کی فضا میں بارود کی بُو پھیل گئی، سڑک خون میں نہا گئی۔ فوٹو؛ فائل

ٹرمپ دور میں پہلا ڈرون حملہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں پاک افغان سرحد کے قریب پہلا ڈرون حملہ کیا گیا جس میں طالبان کا ایک کمانڈر قاری عبداﷲ سباری اور اس کا ساتھی ہلاک ہوگیا۔ دو مارچ کو امریکی ڈرون نے لوئر کرم ایجینسی میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

فاٹا کے عوام انتظار کریں!
فاٹا کے عوام کی ترقی و خوش حالی حکومتی دعووں اور وعدوں تک محدود رہی ہے۔ تاہم مارچ میں قبائلی علاقوں سے متعلق پیش رفت سامنے آئی۔ دو مارچ کو وفاقی کابینہ نے 5 سال کے اندر فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے اور ترقیاتی، آئینی اور قانونی اصلاحات کرنے کی اصولی منظوری دی۔

انسانی حقوق کونسل میں مطالبات اور الزامات کا شور
اقوامِ متحدہ کے زیرِاہتمام جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کا اجلاس منعقد ہوا تو مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے نمائندوں کے مابین لفظی گولہ باری بھی ہوئی۔ تین مارچ کو منعقدہ اجلاس میں سخت جملوں کے تبادلے کے بعد پاکستان کی جانب سے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنا تحقیقاتی مشن بھیجے جب کہ بھارت نے سرحد پار سے دہشت گردی کا الزام عائد کیا۔

چین کیسے پیچھے رہتا!
چند روز قبل امریکا نے اپنے دفاعی بجٹ میں اضافے کا اعلان کیا تو چین بھی پیچھے نہ رہا۔ چار مارچ کو چینی حکومت نے بھی اپنے دفاعی اخراجات میں سات فی صد اضافے کا اعلان کر دیا۔ حکومتی ترجمان نے کہا کہ وہ پُرامن طور پر مسائل کے حل کے ساتھ خطے میں استحکام اور دفاع پر توجہ دے رہا ہے۔

خوف کے سائے میں پی ایس ایل کی خوشیاں
شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد پانچ مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں موجود تھی جہاں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل میچ کھیلا گیا۔ پی ایس ایل کا فائنل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین ہوا۔ فائنل سے قبل ایک رنگارنگ تقریب کا بھی اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ فائنل میچ کی سیکیورٹی کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے۔ اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت اور مختلف اسٹینڈز میں فوجی جوان تعینات تھے جب کہ اس علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ واضح رہے کہ لاہور میں خودکش حملے کے بعد پی ایس ایل فائنل کا انعقاد غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار تھا، لیکن فوج کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد حکومتِ پنجاب نے میچ کروانے کی اجازت دی تھی۔اس مقابلے کی فاتح پشاور زلمی رہی۔

امریکی ویزا نہیں ملے گا!
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کردیے اور یوں چھے ممالک پر سفری پابندی عائد ہو گئی۔ چھے مارچ کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق شام، ایران، لیبیا، صومالیہ، یمن اور سوڈانی شہری امریکا کا ویزا نہیں لے سکیں گے۔

افغانستان کے راستے پھر حملہ
چھے مارچ کو افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 5 اہل کار جاں بحق اور جوابی کارروائی میں 15 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دہشت گردوں نے پاکستان کی تین چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

مالیاتی ادارے کچھ نہیں چھپائیں گے!
پاکستان اور سوئٹزر لینڈ نے آٹھ مارچ کی بیٹھک میں معلومات کے تبادلے کی دستاویز پر دستخط کردیے جس کے مطابق ٹیکس چوری کے تدارک کے حوالے سے باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا،معاہدے کے تحت دونوں فریق کسی بھی شخص کے بینک اکاؤنٹس کی معلومات دینے کے پابند ہوں گے اور کوئی بینک یا مالیاتی ادارہ اس سے انکار نہیں کرسکے گا۔

وائٹ ہاؤس اپنی آزادی کا خواہاں
اسی روز امریکا نے خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں اپنے سیکڑوں فوجی تعینات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعیناتی شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے۔ سیاسی و دفاعی ماہرین کے مطابق یہ اقدام اس امر کی طرف اشارہ ہے کہ وائٹ ہاؤس پینٹاگون کے لیے اپنے فیصلے کرنے میں زیادہ آزادی کا حامی ہے۔

امریکا کو ایک بہتر قیادت کی ضرورت ہے!
اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین عہدے دار زید رعدالحسین نے امریکی صدر پر نفرت کو ہوا دینے اور ججوں اور صحافیوں کو دھمکانے کا الزام عائد کیا۔ آٹھ مارچ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب امریکا کو ایک بہتر قیادت کی ضرورت ہے جو غیر ملکیوں سے نفرت اور مذہبی امتیاز جیسے خطرناک چیلنجز کا مقابلہ کرسکے۔



کابل کی فضا پھر سوگوار
آٹھ مارچ کو کابل کی فضا میں بارود کی بُو پھیل گئی، سڑک خون میں نہا گئی۔ امریکی سفارت خانے کے قریب فوجی اسپتال پر دہشت گردوں کے حملے میں تیس سے زائد ہلاکتیں اور درجنوں لوگ زخمی ہوگئے۔ یہ تین دہشت گرد تھے جنہوں نے اسپتال میں گھس کر اندھادھند فائرنگ کردی۔ افغان کمانڈوز سے مقابلے میں حملہ آور مارے گئے۔ دولتِ اسلامیہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

موت کی سزا پر عمل درآمد
اسی روز پاکستان میں فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ پانچ شدت پسندوں کو کوہاٹ جیل میں پھانسی دے دی گئی۔ ان شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔

ٹرمپ کا حکم نامہ وفاقی عدالت میں چیلنج
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سفری پابندیوں کے نئے حکم نامے کو وفاقی عدالت میں چیلینج کردیا گیا۔ نو مارچ کو امریکی ریاست ہوائی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اپنایاگیا کہ یہ حکم نامہ ریاست کی مسلم آبادی، سیاحت اور غیرملکی طلبا کے لیے نقصان دہ ہے۔

40 ہزار روپے مالیت کا انعامی بانڈ
پاکستان میں نیا پریمیم انعامی بانڈ متعارف کروا دیا گیا۔ وفاقی حکومت نے نو مارچ کو 40 ہزار روپے مالیت کے اس بانڈ کا اعلان کیا۔

پولیٹیکل پارٹیز آرڈر پر عمل شروع
دس مارچ کو خبر آئی کہ الیکشن کمیشن نے پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کے تحت سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر اور قواعد پر پورا نہ اترنے والی جماعتوں کو الیکشن کمیشن خارج کرنے کی تیاری کرچکا ہے۔ انکشاف ہوا کہ دو سو سے زائد سیاسی جماعتوں کے بینک اکاؤنٹس نہیں اور صوبائی اور ضلعی سطح پر تنظیم بھی نہیں ہے۔ اس سلسلے میں 333 سیاسی جماعتوں کو خطوط بھجوائے گئے جن میں سے دفتری پتوں کی عدم تصدیق پر 58 خطوط واپس آگئے۔

پاکستانی طالب علموں کی بھارتی قید سے رہائی
بھارت میں گرفتاری کے بعد اڑی حملے میں ملوث کیے گئے دو پاکستانی طالب علموں کو دس مارچ کو واہگہ بارڈر پر رینجرز حکام کے حوالے کیا گیا۔ احسن خورشید اور فیصل اعوان غلطی سے سرحد پار کرگئے تھے جہاں حکام نے انہیں اڑی واقعے ملوث کرنے کی کوشش کی، لیکن تحقیقاتی ایجنسی نے انہیں بے گنا قرار دے دیا۔ یوں پانچ ماہ بعد بھارتی فورسز کی جانب سے ان کی رہائی عمل میں آئی۔

فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے ترمیمی بلز
دس تاریخ کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے لیے آئینی و قانونی ترامیم کے دو الگ الگ بل قومی اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے وزیرِقانون نے اس کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ فیصلہ کیا گیا کہ اس پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور ان کی رائے لی جائے گی۔

امتحانات اور انٹرویوز کالعدم قرار
سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت 2013ء سے2016ء کے دوران ہونے والے مقابلے کے امتحانات اور اس کے تحت انٹرویوز کو سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا۔ 14 مارچ کو فیصلہ سامنے آیا جس کے مطابق عدالت نے بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسکریننگ ٹیسٹ 2013ء کے نتائج منسوخ یا کالعدم قرار تصور نہ کیے جائیں۔ نئی تقرریوں کے فوری بعد سابق امیدواروں سے دوبارہ امتحانات لیے جائیں گے۔ تاہم ان سے زائد فیس نہ لی جائے اور زائد العمر ہونے کی صورت میں رعایت دی جائے۔

بریگزٹ بل منظور
اسی روز خبر آئی کہ برطانوی دارالامرا نے بریگزٹ بل کی منظوری دے دی جس سے برطانیہ کے لیے یورپی یونین کو چھوڑنے کے مذاکرات شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ 18ووٹوں کے مقابلے میں 274 ووٹوں سے یورپی یونین چھوڑنے کے لیے بل کو بنا ترمیم کے منظور کرلیاگیا۔

خانہ و مردم شماری کا آغاز
19سال بعد ملک بھر میں خانہ و مردم شماری کا آغاز ہو گیا۔ پہلے مرحلے کا آغاز 15 مارچ سے ہوا۔ اس سلسلے میں مختلف مراحل میں متعلقہ عملے کو اپنی حفاظت اور ممکنہ طور پر کسی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور پولیس کا تعاون حاصل رہا۔

سیاسی جماعتوں نے ''ہاں'' کردی
ڈیڑھ ماہ کے مذاکراتی عمل کے بعد 16 تاریخ کو خبر آئی کہ ملک کی اہم سیاسی جماعتیں فوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع پر متفق ہوگئی ہیں۔ پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے آئینی ترمیم کے ساتھ آرمی ایکٹ پر بھی مکمل اتفاق رائے ہو گیا۔

شرجیل انعام میمن وطن لوٹے تو۔۔۔
پیپلز پارٹی کے راہ نما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو 18 تاریخ کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ وہ تقریباً دو سال دبئی اور لندن میں گزارنے کے بعد وطن لوٹے تھے۔ شرجیل میمن پر کرپشن ، منی لانڈرنگ اوراس کے علاوہ سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں۔

حامد سعید کاظمی بے قصور قرار
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حج کرپشن کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی، سابق ڈی جی حج راؤ شکیل اور سابق جوائنٹ سیکریٹری راجا آفتاب الاسلام کو بری کردیا۔ مارچ کی 20 تاریخ کو یہ فیصلہ سامنے آیا۔ ان پر 2010ء حج انتظامات کے دوران جدہ، مکہ اور مدینہ میں پاکستانی عازمین حج کے لیے عمارتیں کرائے پر لینے کے عمل میں بڑے پیمانے پر مالی بے قاعدگیوں اور حجاج کرام سے کروڑوں روپے زائد وصول کرنے کا الزام تھا۔

پہلی خاتون سیکریٹری خارجہ
تہمینہ جنجوعہ نے سیکریٹری خارجہ کا عہدہ سنبھال لیا اور بیس مارچ کو پاکستان میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ اس سے قبل وہ جنیوا میں پاکستان کی مستقل مندوب کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔

پاکستانی کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں
اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم اسی روز دیا گیا۔ اس وقت کے وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے یہ ہدایت بھی دی کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان بکیز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ای سی ایل میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب، حسن خان اور محمد عرفان کے نام شامل کیے گئے۔

راہ گیروں کو کچلنے والا پولیس فائرنگ سے ہلاک
لندن میں 22 مارچ کو ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں ویسٹ منسٹر پُل پر ایک کار پیدل چلنے والوں کو کچلتے ہوئے پارلیمنٹ کی عمارت تک جاپہنچی۔ اس دوران کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں اور 12 افراد زخمی ہوئے۔ حملہ آور نے کار سے اتر کر پارلیمنٹ کی طرف جانے کی کوشش کی اور پولیس اہل کاروں کے روکنے پر چاقو کے وار سے ایک افسر کی جان لے لی۔ پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

حسنی مبارک کو قید سے رہائی ملی
مصر کی اعلیٰ عدالت نے سابق صدر حسنی مبارک کی رہائی کا پروانہ جاری کردیا۔ یہ عدالتی فیصلہ 23 مارچ کو سامنے آیا۔ حسنی مبارک پر 2011ء میں مظاہرین کو قتل کرانے کا الزام تھا۔

جی ہاں، یہ دو حکومتوں کا معاملہ ہے

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے ایک انٹرویو میں بالآخر کہہ دیا کہ سعودی عسکری اتحاد کی قیادت سنبھالنا راحیل شریف کا ذاتی نہیں بلکہ دو حکومتوں کا معاملہ ہے۔ پاکستان نے تحریری طور پر سعودی حکومت کو یقین دہانی کرا دی ہے کہ سابق آرمی چیف کو سعودی عسکری اتحاد کا سربراہ مقرر کیا جاسکتا ہے۔ 23 مارچ کو انہوں نے بتایا کہ اصولی طور پر راحیل شریف کے تمام معاملات طے ہیں۔ صرف رسمی کارروائی باقی ہے۔

مسلمانوں کے گاؤں پر حملہ
بھارتی ریاست گجرات میں مسلمانوں کے ایک گاؤں پر ہندوؤں کے تین حملوں میں متعدد شہادتوں کے علاوہ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی خبر آئی۔ 29 مارچ کو بلوائیوں نے تیس سے زائد گھر اور متعدد گاڑیاں جلا دیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مسلمان اور ایک ہندو طالب علم میں معمولی بات پر جھگڑے کے بعد یہ حملہ کیا گیا۔

اوباما نے ٹرمپ کے ٹیلی فون ٹیپ کرائے؟
وکی لیکس نے انکشاف کیا کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما نے 2016ء میں ٹرمپ ٹاور کی جاسوسی اور ٹرمپ کے ٹیلیفون ٹیپ کرائے جب کہ اقوام متحدہ، اٹلی، جرمنی اور دیگر یورپی ملکوں اور میڈیا نمائندگان کی بھی جاسوسی کی گئی۔ 29 مارچ کو انکشاف ہوا کہ ایجنسیوں نے اسرائیل اور اٹلی کے درمیان روابط کے مراسلے بھی چرائے تھے۔

سرکار نے کیا اقرار!
دفترخارجہ کی جانب سے 39 ملکی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا اقرار کرلیا گیا۔ 30 مارچ کو سامنے آنے والی اس خبر کے مطابق حکومت کی جانب سے جنرل (ر) راحیل شریف اور سعودی عرب میں رابطوں پر لاعلمی کا اظہار کیا گیا۔

ڈاکٹر عاصم حسین رہا ہو گئے
31 مارچ کو آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے راہ نما ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی عمل میں آئی۔ ان پر اربوں روپے کی بدعنوانی کے الزامات کے تحت مقدمات قائم ہیں۔ ڈاکٹر عاصم کو سندھ رینجرز نے اگست 2015 میں حراست میں لیا تھا۔

عہدہ نہیں چھوڑوں گا
حکومت سندھ نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیا۔ یکم اپریل کو اے ڈی خواجہ نے اپنا عہدہ چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عہدے پر تعیناتی وفاق کا استحقاق ہے، حکومت سندھ صرف سفارش کرسکتی ہے، وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن تک چارج نہیں چھوڑوں گا۔ اس سے قبل بھی عدالتی حکم کے بعد اے ڈی خواجہ اپنے عہدے پر واپس آئے تھے۔

دوبارہ صدر نہیں بننے دیں گے!
پیرا گوئے میں ملک کے صدر کو دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے کی اجازت دینے سے متعلق بل کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے ملک کی کانگریس کو ہی نذر آتش کردیا۔ یکم اپریل کو مظاہرین نے کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا اور دفاتر میں تھوڑ پھوڑ کے بعد آگ لگادی۔



اعتبار اور اندھا اعتقاد لے ڈوبا
پنجاب کے ضلع سرگودھا میں 2 اپریل کو ایک مزار کے گدی نشین کے مبینہ تشدد سے 20 افراد کی ہلاکت کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ نشہ آور مشروب پلانے کے بعد مریدوں پر ڈنڈے اور چاقو سے حملہ کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور عبدالوحید کو حراست میں لے لیا۔ پاکستان میں جعلی پیروں اور عاملوں کے ایسے واقعات نئے نہیں، لیکن جسمانی تشدد سے ہلاکتوں کا یہ واقعہ غیرمعمولی تھا۔

اے ڈی خواجہ ہی آئی جی پولیس رہیں گے
تین تاریخ کو سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ حکومتِ سندھ اور اے ڈی خواجہ کے مابین عہدے پر تنازع چند ہفتوں سے سیاسی اور عوامی حلقوں میں بھی موضوعِ بحث تھا۔

میٹرو ریلوے اسٹیشن پر دھماکے
روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے میٹرو ریلوے اسٹیشن پر 2 دھماکوں میں 12 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔ تین اپریل کو دھماکوں کے بعد شہر کے تمام میٹرو ریلوے اسٹیشنز بند کردیے گئے۔ میٹرو ریلوے اسٹیشن زیر زمین بنایا گیا ہے۔ یاد رہے دھماکے سے قبل روسی صدر اسی شہر میں موجود تھے۔

زہریلی گیس سے ہلاکتیں
شام میں زہریلی گیس کے ایک مبینہ حملے میں 100شہری ہلاک اور 400 زخمی بتائے گئے۔ چار اپریل کو یہ حملہ صوبہ ادلب کے قصبے خان شیخون میں کیا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور امریکا نے اس واقعے کی ذمہ داری شامی فوج پر عائد کی۔

مردم شماری ٹیم پر خودکش حملہ
پانچ اپریل کو لاہور میں مردم شماری ٹیم پر خودکش حملے میں پانچ فوجی اہل کاروں سمیت سات افراد ہلاک اور 19 کے زخمی ہونے کی اطلاع آئی۔

سابق فوجی افسر لاپتا
پاکستانی فوج کے سابق افسر محمد حبیب ظاہر نیپال کے علاقے لمبینی سے 'لاپتا' ہوگئے۔ 6 اپریل کو معلوم ہوا کہ انہوں نے نیپال پہنچنے کے بعد فیملی سے رابطہ کیا تھا، لیکن اس کے بعد ان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

امریکا نے 59 میزائل داغ دیے
امریکا نے شامی ایئربیس پر 59 میزائل داغ دیے جس سے فوجی اڈہ اور کئی طیارے تباہ جب کہ 5 شامی فوجی ہلاک ہو گئے۔ ٹرمپ نے کہا کہ بشار الاسد کا اپنے لوگوں پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ ناقابلِ قبول ہے، 7 اپریل کو شام پر کیا گیا حملہ امریکی مفاد میں تھا۔



کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی
بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی۔ جاسوس کو 3 مارچ 2016ء کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا تھا۔ 10 اپریل کو سزا کے اعلان کے بعد ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت اس کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا جس میں الزامات درست ثابت ہوئے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سزا کی توثیق کی۔

ملالہ یوسف زئی کا ایک اور اعزاز
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو اقوام متحدہ نے امن کی پیامبر ''میسنجر آف پیس '' مقرر کردیا۔ وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں مدد کریں گی۔ اپریل کی دس تاریخ کو ملالہ یوسف زئی نے یہ عہدہ سنبھال لیا۔ انہیں یہ ذمہ داری نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکواٹرز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سوپنی گئی۔

صحافیوں کے لیے ''پلٹزرانعام'' کا اعلان
پاناما پیپرز منظر عام پر لانے والے صحافی نیٹ ورک، انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) کے لیے 11 تاریخ کو صحافت کے شعبے میں پلٹزر پرائز کا اعلان کیا گیا۔ اسی نیٹ ورک کے ''پاناما پیپرز'' کی بدولت وہ آف شور کمپنیاں سامنے آئیں جو دنیا کی اہم اور طاقت ور شخصیات نے ٹیکس بچانے کے لیے قائم کر رکھی تھیں، پاناما پیپرز شایع ہونے کے بعد پاکستان سمیت متعدد ممالک سیاست دانوں اور حکام کو قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

عزیر بلوچ پاک فوج کی تحویل میں
پاک فوج نے لیاری گینگ کے سرغنہ اور پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ کو گیارہ اپریل کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عزیر بلوچ پر غیر ملکی خفیہ اداروں کو حساس معلومات فراہم کرنے کا الزام ہے جب کہ ملزم کے مبینہ طور پر ''را'' اور ایرانی انٹیلیجینس ایجنسیوں سے بھی روابط رہے ہیں۔ واضح رہے کہ رینجرز نے گذشتہ سال پاک ایران سرحدی علاقے سے عزیر بلوچ کو حراست میں لیا تھا۔

مشال کی زندگی کا چراغ بجھا دیا گیا
عبدالولی خان یونیورسٹی، مردان کے طالب علم مشال خان کو سیکڑوں طلبا نے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ شعبۂ صحافت کا طالب علم مشال خان صوابی کا رہائشی تھا۔ طالب علموں نے 13 اپریل کو لاٹھیوں اور گھونسوں سے مشال خان پر حملہ کیا جس کی موت کے بعد حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے۔ مشتعل طلبا نے ہاسٹلوں اور مختلف شعبوں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ مشال خان کے بارے میں کہا گیا کہ وہ اسلامی تعلیمات کے منافی اپنے خیالات کا برملا اظہار کرتا تھا۔

جیپ کے آگے بندھا کشمیری!
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور غیرانسانی سلوک کی ایک وڈیو منظرِ عام پر آئی جس نے تہلکہ مچا دیا۔ 13 اپریل کو بھارتی فوجی اپنی جیپ پر ایک کشمیری نوجوان کو باندھ کر گشت کرتے دیکھے گئے۔ معلوم ہوا کہ کشمیریوں کے پتھراؤ سے بچنے کے لیے فوجیوں نے اس شہری کو ڈھال بنایا تھا۔

مراد علی شاہ کی دھمکی
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو دھمکی دے ڈالی کہ نوری آباد پاور پلانٹ کو گیس فراہم نہ کی گئی تو سندھ سے جانے والی گیس کی لائن بند کر دیں گے۔ 13 اپریل کو ان کا کہنا تھاکہ سوئی سدرن گیس کے تمام دفاتر پر دھاوا بول کر قبضہ کر لیں گے۔

امریکا نے تباہ کُن بم برسا دیا
امریکا نے افغانستان کے صوبے ننگرہار میں جنگجوؤں کے زیراستعمال سرنگوں پر سب سے بڑے غیرجوہری بم سے حملہ کیا، جس میں 100سے زائد ہلاکتیں اور سیکڑوں گھر تباہ ہوگئے۔ پاکستان کی سرحد کے ساتھ واقع صوبہ ننگرہار میں 13 اپریل کو گرایا جانے والا یہ بم، ایٹم بم کے بعد سب تباہ کن اور ہلاکت خیز سمجھا جاتا ہے۔

اردوغان کا ریفرنڈم کام یاب رہا
ترکی میں صدر کے اختیارات کے لیے ریفرنڈم میں لوگوں کی اکثریت نے رجب طیب اردوغان کے حق میں ووٹ ڈالے۔ سولہ تاریخ کو ریفرنڈم میں ساڑھے پانچ کروڑ ووٹرز نے اپنا حقِِ رائے دہی استعمال کیا۔

پاناما کا فیصلہ آگیا
سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ بیس اپریل کو عدالت نے اس حوالے سے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے نواز شریف کو ہدایت کی کہ وہ طلب کرنے پر جے آئی ٹی میں پیش ہوں۔ عدالت ن لیگ کے دلائل سے مطمئن نہیں ہوسکی اور سوال اٹھایا کہ کیا حسین اور حسین نواز کم عمری میں فلیٹ خریدنے کی پوزیشن میں تھے؟ پاناما کیس کا فیصلہ پانچ سو چالیس صفحات پر مشتمل تھا۔

راحیل شریف سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگئے
پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی قیادت سنبھالنے کے لیے سعودی عرب چلے گئے۔ 21 تاریخ کو ان کی روانگی کے بعد حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ وہ پاکستان کی رضا مندی اور این او سی جاری ہونے کے بعد سعودی عرب گئے ہیں اور اس حوالے سے تمام تقاضے پورے کیے ہیں۔

ممبئی میں پاکستانی اسٹور پر جنونی ہندوؤں کا دھاوا
بھارت میں پاکستانی ملبوسات فروخت کرنے والے ایک اسٹور پر انتہاپسند ہندوؤں نے حملہ کردیا۔ 22 اپریل کو ممبئی میں انتہاپسندوں نے ایک شاپنگ مال میں داخل ہو کر دکان سے پاکستانی ملبوسات باہر پھینک دیے۔ ان کا کہنا تھاکہ بھارت میں پاکستان کے ملبوسات کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں۔

نواز شریف کی اپنے پرانے دوست سے ملاقات
27 اپریل کو نواز شریف اور بھارتی صنعت کار سجن جندال کے مابین مری میں ملاقات ہوئی۔ یہ خبر عام ہوئی تو سیاسی مخالفین اور سوشل میڈیا پر عام لوگوں نے بھی نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس ملاقات میں خاتون اول کلثوم نواز اور حسین نواز بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی نے اس کے خلاف سندھ اور پنجاب اسمبلیوں میں قراردادیں جمع کروائیں۔ مریم نواز نے کہا کہ جندال، میاں صاحب کے پرانے دوست ہیں اور ملاقات خفیہ نہیں تھی۔

طارق فاطمی کی چُھٹی
ڈان لیکس اسکینڈل میں الزامات کی زد میں آنے والے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ 29 اپریل کے فیصلے میں راؤ تحسین کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا گیا۔
Load Next Story