سرکاری اشتہارات میں نواز شریف کی تصویر پر پی ٹی آئی کے اعتراضات

براہ کرم 3 سے 10 روز کے اندر ان سوالات کے مصدقہ جوابات فراہم کیے جائیں، مراسلہ

سرکاری ٹی وی نے تقاریرکیسے نشرکر دیں، عندلیب عباس کا مریم اورنگزیب کومراسلہ۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کی رہنماعندلیب عباس نے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کے نام مراسلے میں شریف خاندان کی اشتہاری مہم پرقومی خزانے سے پیسے کے ناجائزاستعمال پر سوالات کردیے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ شریف خاندان کی اشتہاری مہم پرایک زرکثیرکااصراف نہ صرف عدالتی احکام کی خلاف ورزی ہے بلکہ قومی وسائل کا ناجائزاستعمال ہے جب کہ سپریم کورٹ کے واضح احکام ہیں کہ کسی عہدیدارکی تصویر قومی خزانے کے خرچ پراشتہارات میں نہ دکھائی جائے۔ اس کے باوجود کیوں ہراشتہار میں شریف خاندان اورانکے وزرا کی تصاویردکھائی جاتی ہیں؟


مراسلے میں کہا گیا کہ 25 دسمبرکے اخبارات میں قائداعظم کی تصویر کیساتھ نواز شریف کی تصاویر لگاکرنہ صرف قائداعظم کی توہین کی گئی بلکہ قومی خزانے کازیاں بھی کیاگیا جب کہ نواز شریف کو اعلیٰ ترین عدالت نے ان کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کی وجہ سے نا اہل قراردیا۔

علاوہ ازیں سرکاری ٹی وی نے کس حیثیت میں نوازشریف اور مریم نواز کی تقاریر نشر کیں جبکہ ان کے پاس کسی قسم کاکوئی عہدہ بھی نہیں۔ اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ مریم نواز کی سوشل میڈیاٹیم کو عوام کے پیسے سے ادائیگیاں کی جاتی ہیں، وزارت اطلاعات اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی حرکت پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لیتی۔

مراسلے میں کہا گیا کہ براہ کرم 3 سے 10 روز کے اندر ان سوالات کے مصدقہ جوابات فراہم کیے جائیں۔
Load Next Story