مکا چوک بم حملے میں ملوث گینگ وار کے3 ملزمان گرفتار

ملزمان قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ایس آئی یو،ملزمان کا اہلکاروں سمیت 8 افراد کے قتل کا اعتراف۔

ملزمان قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ایس آئی یو،ملزمان کا اہلکاروں سمیت 8 افراد کے قتل کا اعتراف۔ فوٹو: فائل

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے عزیزآباد مکا چوک کے قریب پان کی دکان پر دستی بم حملے، قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث لیاری گینگ وار امین بلیدی گروپ کے3 اہم کارندوں کو گرفتار کر کے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ایس آئی یو پولیس کے ہاتھوں بلوچ کالونی سے گرفتار کیے جانے والے ملزمان نے پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پی فاروق اعوان نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاع پر چاکیواڑہ کے علاقے میراں ناکہ سے 3 ملزمان محمد اقبال ، محمد منور اور سید سلمان عابد کو گرفتار کر کے دستی بم اور 2 پستول برآمد کرلیے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ انھوں نے 16 مارچ کو عزیز آباد کے علاقے میں مکا چوک کے قریب دستی بم کا حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ ملزمان نے 27 فروری کو سمن آباد کے علاقے میں مزیدار حلیم پر فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کیا تھا۔




فاروق اعوان نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے امین بلیدی گروپ سے ہے، ملزمان کا کہنا ہے کہ ان کا گروہ 6 افراد پر مشتمل ہے ، ملزمان نے شادی ہالوں ، پکوان سینٹروں اور دیگر دکانداروں سے بھتہ وصول کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو نے بتایا کہ 3 روز قبل ایس آئی یو کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزمان راشد اور شاکر نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے ڈیفنس گارڈن کے قریب فائرنگ کر کے پولیس اہلکار ، سہراب گوٹھ میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور 3 اہل تشیع افراد سمیت 8 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے،ملزمان نے اپنا گروپ بنایا ہوا ہے جس کو کالعدم تحریک طالبان کے ولی رحمٰن گروپ سے تعلق ہے۔
Load Next Story