ٹیکس اصلاحات عالمی بینک سے مذاکرات کل شروع ہونگے

خصوصی آڈٹ وخودکاررسک اسیسمنٹ پلان، جیومیپنگ کا نظام بھی متعارف کرایاجائے گا۔

راول فلیکس جنکوئیرہ ویلا کی سربراہی میں مذاکرات یکم جنوری سے جون تک جاری رہیں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اورعالمی بینک کے درمیان ٹیکس اصلاحات کیلیے فنڈز کی ادائیگی کے حوالے سے مذاکرات پیر سے شروع ہوں گے جس کیلیے عالمی بینک کا وفد راول فلیکس جنکوئیرہ ویلا کی سربراہی میں کل (پیر) پاکستان پہنچے گا۔

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ عالمی بینک نے گزشتہ ہفتے ٹیکس اصلاحات منصوبے کیلیے پاکستان کو فنڈز فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے پر پاکستان کے ساتھ یکم جنوری 2018 سے باقاعدہ مذاکرات شروع کرنے کا شیڈول دیا تھا جس کے تحت اب یہ مذاکرات ہونے جارہے ہیں جبکہ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے ٹیکس ریونیو اور گروتھ کی رفتار تیز کرنے کیلیے قائم کردہ ٹرسٹ فنڈ کے ٹیکس کمپوننٹ سے پاکستان کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق مذاکرات کے لیے راول فلیکس جنکوئیرہ ویلا کو مذاکراتی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔


دستاویز کے مطابق عالمی بینک اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کیلیے طے پانے والے شیڈول کے مطابق عالمی بینک کی ٹیم کے ساتھ یکم جنوری 2018سے جون 2018تک مذاکرات ہوں گے اور عالمی بینک کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کو آئندہ مالی سال 2018-19 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکس اصلاحات کے تحت استعمال میں لایاجائے گا۔

واضح رہے کہ ٹیکس اصلاحات پلان کے تحت خصوصی آڈٹ پلان متعارف کروایا جائے گا اور خودکار رسک اسیسمنٹ کے نظام پر موثر عملدرآمد کی حکمت عملی متعارف کروائی جائے گی۔ ہیومن ریسورس اسیسمنٹ،کاروباری یونٹس کی جیومیپنگ کا نظام بھی لایا جائے گا۔ اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پروجیکٹ پر عملدرآمد کی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ڈیٹا سینٹرز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔

 
Load Next Story