سیریز سے قبل وارم اپ میچ ضروری نہیں ویرات کوہلی

ڈی ویلیئرز سے دوستی سے قطع نظر انھیں جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کرینگے، بھارتی قائد

پریکٹس مقابلے سے ہمیں کچھ نہیں ملنا تھا، ٹریننگ سیشن زیادہ ہمارے کنٹرول میں ہیں، کوہلی۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR:
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل وارم اپ میچ نہ کھیلنے کا فیصلے کا دفاع کیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے کیپ ٹاؤن میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جہاں پر اس نے ویسٹرن پرووینس کرکٹ کلب میں ہفتے کو دو سیشنز کے دوران سخت ٹریننگ کی۔ جس کے بعد کوہلی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جس وکٹ پر ہم لوگوں نے پریکٹس کی ہے یہ اس پچ کا 15 فیصد بھی نہیں جس پر ہم نے پہلا ٹیسٹ کھیلنا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ دو روزہ وارم اپ میچ کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں جہاں پر ہمارے پلیئرز جائیں اور تیزی سے ففٹیز اسکور کریں، اس کے بجائے ہم خود کو ایک ٹیسٹ زون میں رکھتے ہوئے ٹریننگ کررہے ہیں، اس کے ساتھ ہمیں اپنی من پسند وکٹ تیار کروانے کی سہولت بھی میسر ہے۔


ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ اگر آپ کوئی دوروزہ میچ کھیل رہے ہیں تو دن کے مختلف اوقات میں وکٹ کو تبدیل نہیں کرسکتے تاہم ہمیں پوری آزادی ہے کہ ہم پچ پر پانی کا چھڑکاؤ کرائیں، اس پر رولر پھروائیں، ہم نے ایسا ہی کیا ہے، کلب کا پریکٹس سیشن ایسی کنڈیشنز میں ہوگا جوکہ ہم چاہتے ہیں، ان تیاریوں کا ہمیں ٹیسٹ میں فائدہ ہوگا۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی کی میزبان بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز کے ساتھ گہری دوستی ہے جن کے ساتھ وہ رائل چیلنجرز بنگلور میں کھیلتے ہیں، اس حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ میری ڈی ویلیئرز سے دوستی ہے اور جس انداز میں وہ کھیلتے ہیں میں اس کا احترام کرتا ہوں لیکن میدان میں اترنے کے بعد ہم اسی طرح ڈی ویلیئرز کو فوری طور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے جیسا کہ پروٹیز مجھے، چتیشور پجارا یا پھر اجنکیا راہنے کو آؤٹ کرنا چاہئیں گے۔
Load Next Story