ماحول سازگار ہوتے ہی پاکستان سے کھیلیں گے بھارتی بورڈ

آئی پی ایل میں پاکستانی کوچز یاکمنٹیٹرزکو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، راجیو شکلا

آئی پی ایل میں پاکستانی کوچز یاکمنٹیٹرزکو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، راجیو شکلا. فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر اور انڈین پریمیئرلیگ کے چیئرمین راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ ماحول سازگار ہوتے ہی پاکستان سے کرکٹ کھیلیں گے۔

آئی پی ایل میں پاکستانی کوچز یا کمنٹیٹرز کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے انٹرویو میں کیا، راجیو شکلا نے پاک بھارت کرکٹ تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے کہا کہ بی سی سی آئی کے پاکستان کرکٹ بورڈ سے تعلقات کافی اچھے ہیں، جب بھی ماحول سازگارہوگا باہمی میچز ضرور ہوں گے۔

آئی پی ایل میں پاکستانی کوچز اور کمنٹیٹرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ سیاست کو لازمی طور پر کھیلوں سے دور رہنا چاہیے، جہاں تک ہمارا خیال ہے، انھیں یہاں پر کوئی بھی مسئلہ نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ وسیم اکرم اس بار ذاتی وجوہات کی بنا پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے بولنگ کوچ کی ذمہ داری انجام نہیں دیں گے۔




تاہم سابق کپتان وقار یونس نے حیدرآباد سن رائزرز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بارے میں راجیو شکلا نے کہا کہ ہم اس بار ایونٹ کو گذشتہ ٹورنامنٹ سے بھی زیادہ شاندار بنانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، افتتاحی تقریب سے قبل کولکتہ میں ہی ایک روڈ شو منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔

جس میں سابق کپتان ساروگنگولی سمیت دیگر ٹیموں کے کپتان بھی شریک ہوں گے، اس کے لیے اسٹیٹ حکومت سے بات چیت جاری ہے، افتتاحی تقریب میں بھی شاہ رخ خان اور بپاشا باسو سمیت کئی مقامی اسٹارز جلوہ گر ہوں گے، جینیفر لوپیز کے ساتھ یوشیر اور پٹ بل سے بھی بات چیت جاری ہے، یہ تقریب چھٹے ایڈیشن کی مناسب سے 6 مراحل پر مشتمل ہوگی، پہلے بھارتی کلچر کی عکاسی ہوگی پھر چیئرلیڈرز، انٹرنیشنل فنکار، بالی ووڈ شو، کپتانوں کا اسپرٹ آف کرکٹ حلف اور آخر میں کرکٹ کا جادو چلے گا۔
Load Next Story