کولمبو ٹیسٹ ہیراتھ نے بنگلہ دیش کو دباؤ کا شکار کر دیا

سری لنکا کیخلاف158پر4پلیئرزآؤٹ،اسپنرکی3وکٹیں،52رنزکی مجموعی برتری.

سری لنکا کیخلاف158پر4پلیئرزآؤٹ،اسپنرکی3وکٹیں،52رنزکی مجموعی برتری. فوٹو: اے ایف پی/فائل

رنگانا ہیراتھ نے 3وکٹیں لے کر کولمبو ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو دباؤ کا شکارکردیا۔

مہمان ٹیم عمدہ آغاز ملنے کے باوجود تیسرے دن کے اختتام پر 158 پر 4وکٹیں کھوبیٹھی،پہلی اننگز میں 106رنز کا خسارہ ملنے کی وجہ سے اس کی مجموعی برتری اب محض52رنز ہے اور ان کی چھ وکٹیں باقی ہیں، اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم پہلی باری میں 346رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سوہاگ غازی نے 3 پلیئرز کو پویلین بھیجا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم اوپنر تمیم اقبال(59) اور جوہرالاسلام(48) کے درمیان 91رنز کی افتتاحی شراکت کے باوجود 158 پر 4 وکٹیں گنوابیٹھی، سری لنکن لیفٹ آرم اسپنر ہیراتھ نے محمد اشرفل(4) کو اپنا پہلا شکار بنایا ،پھر جوہرالاسلام اور محمود اللہ(0) بھی ان کی دو لگاتار گیندوں پر پویلین لوٹ گئے۔


اشرفل کے میدان بدر ہونے کے بعد جوہر الاسلام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور انھوں نے ہیراتھ کو کریز سے باہر نکل کر اسٹروک کھیلنے کی غلطی کردی، وکٹ کیپر چندیمل نے انھیں اسٹمپڈ کرنے میں کوئی چوک نہیں کی ، ہیراتھ نے اگلی ہی گیند پر محمود اللہ کو بھی ٹھکانے لگایا لیکن وہ ہیٹ ٹرک نہیں بناسکے، عدازاں ان ہی کی گیند پر نووان کولاسیکراکا 30 کے انفرادی اسکور پر مڈ آف پر مومن الحق نے کیچ ڈراپ بھی کیا۔



اس سے قبل اوپنر تمیم اقبال کو شمندا ایرنگا کی گیند پر ان سائیڈ ایج نے پویلین واپسی پر مجبور کردیا، تمیم نے 59 رنز کی صورت اپنی 12ویں ٹیسٹ ففٹی بنائی، دن کے اختتام پر مومن الحق 36 اور کپتان مشفیق الرحیم7رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اس سے قبل سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 346رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

چار اختتامی پلیئرز 18.3 اوورز میں 52رنز ہی مجموعے میں جوڑ پائے، آف اسپنر سوہاگ غازی نے3جبکہ روبیع الاسلام اور روبیل حسین نے 2،2وکٹیں لیں، ابوالحسن نے سنگاکارا (139) کو میدان بدر کیاوہ اپنے گذشتہ دن کے اسکور 127 میں 12رنز ہی جوڑپائے، انھیں ٹی وی امپائر نے کاٹ بی ہائنڈ قرار دیا، مشفیق الرحیم نے اننگزمیں 5 کیچز تھامے۔
Load Next Story