اورکزئی خیبر ایجنسی بمباری اور جھڑپوں میں39جنگجو ہلاک ہزاروں افراد کی نقل مکانی

ماموزئی میں فورسزکی کارروائی میں10،تیراہ میں11مارے گئے،20میدان میں جھڑپ کے دوران ہلاک ہوئے،8ٹھکانے بھی تباہ.

متاثرین پیدل اورکزئی جانے پرمجبورہیں،مقامی قبائل، مہمند میں2 اسکول اڑادیے گئے ،چمن میں لیویز ہیڈکوارٹر کا گیٹ دھماکے سے تباہ. فوٹو: ایکسپریس

خیبرایجنسی اوراورکزئی میں فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری اورشدت پسند گروپوں میں جھڑپوں کے دوران 39 شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ان کے 8 ٹھکانے تباہ کردیے گئے ۔

پیر کودن11 بجے اپراورکزئی میں طالبان کے زیرقبضہ علاقہ ماموزئی میں چھپر کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے بمباری کی ۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں 10شدت پسندہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ ان کے 4 ٹھکانے تباہ کردیے گئے ،بمباری کے بعدشدت پسندوں نے علاقے میں عام لوگوںکی آمدورفت پر پابندی عائد کردی۔

ادھر آئی این پی کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے میدان میں شدت پسند گروپوں کے درمیان جھڑپ میں 20 شدت پسند ہلاک ہوگئے، اس سے قبل اس علاقے میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں11شدت پسندہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے تھے ۔




جبکہ انکے 4 ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے تھے، علاقہ میں لڑائی کے باعث قمبرخیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں خاندان اورکزئی ایجنسی کے راستے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے،مقامی افرادخرمت خان،ملک اﷲ داداورارشدعلی کا کہناہے کہ میدان کے 24000 سے زائدلوگ بے گھر ہوچکے ہیں اورزیادہ تربے سروسامانی کی صورت میں اورکزئی ایجنسی پیدل جانے پر مجبور ہیں ۔

مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں تعلیم دشمن عناصر نے 2 پرائمری اسکولوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔ بلوچستان کے علاقہ چمن میں لیویز ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے گیٹ تباہ ہوگیا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔
Load Next Story