مشرف کوگرفتارنہ کیاتوثابت ہوگاوہ قانون سے بالاتر ہیں اطہر من اللہ

عبوری سیٹ اپ سے گرفتاری کی امید نہیں: طارق فضل، مشرف قوم کا دشمن ہے: زاہدخان

گناہوں پر انھیں سزا ملنی چاہیے:روبینہ سعادت، ایکسپریس کے پروگرام ’’لائیوودطلعت‘‘میں گفتگو فوٹو : فائل

ماہر قانون اطہرمن اللہ نے کہا ہے کہ اگر پرویزمشرف کو پاکستان واپسی پر گرفتار نہ کیا گیا تو پھر یہ ثابت ہوجائیگا کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''لائیو ود طلعت'' میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو میں کہاکہ مجھے پرویزمشرف کی واپسی پر حیرانی نہیںہوئی کیونکہ اس ملک کی بدقسمتی یہ ہے کہ کبھی بھی پاکستان کے سیاسی معاملات کو عوام نے نہیں چلایا،بیرونی طاقتوں نے ہی پاکستان کوچلایا ہے۔مشرف کی واپسی عدالت اور فوج کیلئے بہت بڑا امتحان ہوگی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہماری پرویزمشرف سے کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے وہ ذاتیات کی حد تک گئے ہیں مگر ن لیگ کا ان سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ ان کی پالیسیوں سے اختلاف ہے،وقت نے ثابت کیا ہے کہ مشرف نے بہت سے غلط فیصلے کئے تھے اور اب پاکستان آنے کا بھی ان کا فیصلہ غلط ہے ۔




عبوری سیٹ اپ پر مشرف کی گرفتاری کی امید نہیں رکھنی چاہئے۔ جنرل مشرف فوج کے لئے بدنامی کا باعث بنے ہیں۔مشرف کی واپسی سے میڈیا کا بھی امتحان ہوگا کیا وہ لال مسجد اور اکبربگٹی کے واقعات کی وڈیوز چلا سکیں گے؟اے این پی کے رہنما زاہد خان نے کہاکہ مشرف قوم کا دشمن ہے اس نے آئین کو بوٹوں تلے کچلا ہے اس پر آرٹیکل چھ عائد ہوتا ہے اگر مشرف گرفتار نہ ہوا تو پھر ملک آگے نہیں جاسکتا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما روبینہ سعادت قائم خانی نے کہاکہ مشرف کی واپسی بہت سے اداروں کا امتحان ہے ۔ہم نے مشرف سے کوئی ڈیل نہیں کی اور نہ ہی اس کو ہم نے گارڈ آف آنر دیا ہے۔میڈیا ،عدلیہ سے لڑائی لال مسجد کا واقعہ مشرف کے گناہوں میں شامل ہے اور ان کی سزا ملنی چاہئے ۔
Load Next Story