عرفان خان نے بہترین اداکار اوراُشا جادھو نے بہترین اداکارہ کا انڈین نیشنل ایوارڈ اپنے نام کرلیا
نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں عرفان خان بہترین اداکاراورمیراٹھی فلم کی اداکارہ اُشا جادھو بہترین اداکارہ قرارپائیں جب کہ عرفان خان ہی کی ''پان سنگھ تومر'' نے بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
نیشنل ایوارڈز میں بھارتی ایتھلیٹ کی بغاوت کی سچی کہانی شائقین کو ایسی پسند آئی کہ اس نے برفی جیسی فلم کا بھی پتہ صاف کر دیا، بہترین فلم کے ساتھ ساتھ پان سنگھ تومر میں مرکزی کردار نبھانے والے عرفان خان کو بھی بہترین اداکاری کے لئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فلم ''کہانی'' اور ''گینگز آف واسع پور'' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار نواز الدین صدیقی کو اسپیشل جیوری ایوارڈ سےنوازا گیا، بہترین پاپولر فلم کا ایوارڈ ایوشمن کھرانہ اور انو کپور کی فلم ''وکی ڈونر'' کو ملا، ساتھ ہی وکی ڈونر میں بہترین معاون اداکار کا نیشنل ایوارڈ اداکار انو کپور نے جیتا، فلم ''عشق ذادے'' کی ہیروئن پرینیتی چوپڑا کو اسپیشل جیوری ایوارڈ سے نوازا گیا، ودیا بالن کی فلم ''کہانی'' نے بہترین کہانی اوراسکرین پلے کا ایوارڈاپنے نام کیا۔
نیشنل فلم ایوارڈز میں صرف بالی ووڈ ہی نہیں بلکہ بھارت میں بننے والی بہت سی دوسری علاقائی زبانوں کی فلموں کو بھی ایوارڈز دیئے گئے جن میں مراٹھی، ملائن تامل اور تلیگو فلمیں شامل ہیں۔