پیپلز پارٹی نگراں حکومت کے معاملے پرسودے بازی چاہتی ہے چوہدری نثار

پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لئے جو بھی نام دیئے وہ ان کے اپنے مہرے ہیں، چوہدری نثارعلی خان

پیپلزپارٹی سندھ اور بلوچستان میں بھی نگراں سیٹ اپ لانے میں مخلص نہیں ہے،چوہدری نثار علی خان فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی غیرجانبدار نگراں حکومت لانے میں مخلص نہیں بلکہ اس معاملے پر سودے بازی چاہتی ہے۔

چوہدری نثار علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لئے جو بھی نام دیئے وہ ان کے اپنے مہرے ہیں، پیپلزپارٹی کو اپنے ناک سے آگے نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کے حوالے سے نواز شریف کے وطن واپس آنے پر باضابطہ مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کا اعلان کل کیا جائے گا۔


چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) چاہتی ہے ملک بھر میں انتخابات ایک ہی دن ہوں، انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی نگراں سیٹ اپ لانے میں مخلص نہیں ہے، سندھ میں 5 سال حکومت کا ساتھ دینے اور ہر اچھے برے کام میں اکٹھے رہنے کے بعد انتخابات سے عین چند دن قبل ان کا ایک دستہ حکومت سے علیحدہ ہو گیا۔ بلوچستان میں بھی پوری اسمبلی جو کابینہ میں شامل تھی، اس میں سے متعدد وزرا اسمبلی کے تحلیل ہونے سے چند گھنٹے پہلے ہی حزب اختلاف میں شامل ہو گئے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)نے تمام جماعتوں سے نگراں حکومت اور چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر مشاورت کر کے ایک اچھی روایت قائم کی اور اس مشاورت کے نتیجے میں ایک ایماندار اور مخلص محب وطن انسان کو چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر فائز کیا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story