’’ خرگوشوں کی طرح نسل بڑھائیں‘‘ پولش حکومت کی عوام سے اپیل

ویڈیو میں خرگوشوں کے بڑے کنبے کا راز بیان کیا گیا ہے

ویڈیو میں خرگوشوں کے بڑے کنبے کا راز بیان کیا گیا ہے؛ فوٹوفائل

بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کا اہم مسئلہ ہے آبادی جس تیزی سے بڑھ رہی ہے، وسائل میں اس رفتار سے اضافہ نہیں ہورہا، نتیجتاً ملکی معیشت پر بوجھ بڑھتا چلاجاتا ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں آبادی پر کنٹرول کرنے کے لیے عوامی آگہی کی مہمات چلائی جاتی ہیں۔

پاکستان میں بھی کئی عشروں سے اس نوع کی مہمات چلائی جارہی ہیں مگر یہ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکیں۔ تیسری دنیا کے برعکس ترقی یافتہ ممالک نے آبادی پر قابو پانے کے لیے بہت پہلے منصوبہ بندی شروع کردی تھی۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ کئی ممالک میں آبادی محدود ہوتے ہوتے بہت کم ہوگئی ہے۔ وہاں حکومتیں تشویش میں مبتلا ہوگئی ہیں کہ اگر عوام کو افزائش نسل کرنے پر آمادہ نہ کیا جاسکا تو آنے والے برسوں میں اس حوالے سے صورت حال سنگین ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں جاپان اور پولینڈ کی مثال دی جاسکتی ہے۔ جاپان میں شرح اموات، شرح پیدائش سے بڑھ چکی ہے۔


پچھلے کئی برسوں سے یہی صورت حال برقرار ہے۔ شرح پیدائش میں اضافہ ہونے سے جاپانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونے لگے ہیں۔ حکومت عوام الناس کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے اور نسل بڑھانے کی جانب راغب کرنے کے لیے مسلسل مہمات چلارہی ہے، مگر جاپان جیسے ترقی یافتہ ملک کے اعلیٰ تعلیم یافتہ شہری حکومت کی آواز پر کان دھرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ یہی کچھ پولینڈ میں ہورہا ہے۔ پولینڈ میں شرح پیدائش جاپان سے بھی کم 1.32 فی صد ہے۔ شرح اموات اس سے اوپر ہے۔ شرح پیدائش اور شرح اموات کے درمیان بڑھتے فرق نے پولینڈ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ 2000ء کے بعد سے پولینڈ کی آبادی تقریباً برقرار چلی آ رہی تھی مگر اب پولش باشندوں کی مجموعی تعداد گھٹنے لگی ہے۔

جاپان کی طرح پولینڈ کی حکومت بھی عوام کو آبادی بڑھانے کی طرف راغب کرنے کے لیے مسلسل آگاہی مہمات چلارہی ہے، مگر جاپانیوں کی طرح پولش باشندے بھی حکومت کی سُننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ تاہم حکومت بھی ہار نہیں مان رہی، اور ذرائع ابلاغ پر افزائش نسل سے متعلق آگاہی مہمات تسلسل سے چلائی جارہی ہیں۔ عوامی بے توجہی سے تنگ آئی ہوئی وزارت صحت نے، جس کے ذمہ بہبودآبادی بھی ہے، حال ہی میں ایک دل چسپ اشتہار جاری کیا ہے۔ سرکاری اور نجی ٹیلی ویژن چینلوں پر دکھائے جانے والے اشتہار میں خرگوشوں کی تعریف کرتے ہوئے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس جانور کی طرح بچے پیدا کریں۔ ویڈیو میں خرگوشوں کے بڑے کنبے کا راز بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ورزش کرتے ہیں، صحت بخش خوراک کھاتے ہیں اور ٹینشن نہیں لیتے۔ عوام سے بھی انھی باتوں پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
Load Next Story