ایکسپریس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آفیشل میڈیا پارٹنر بن گیا

ایکسپریس میڈیا نیٹ ورک دنیا میں مستند حیثیت رکھتا ہے، ندیم عمر

ایکسپریس نیٹ ورک میڈیا کی دنیا میں مستند حیثیت رکھتا ہے، ندیم عمر -فوٹو: فائل

ایکسپریس ٹیلی ویژن نیٹ ورک پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آفیشل میڈیا پارٹنر بن گیا۔

پاکستان سپر لیگ میں 2 مرتبہ کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ایکسپریس نیٹ ورک سے اشتراک کرے گی، دونوں اداروں کی جانب سے باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ندیم عمر اور ایکسپریس ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی طرف سے عمران انصاری نے معاہدے پر دستخط کیے۔


عمران انصاری کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی اہم فرنچائز کے ساتھ نئے سفر کے آغاز پر مسرور ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جب کہ ایکسپریس ٹیلی ویژن نیٹ ورک کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مقصد کو تقویت دے گا، اس پارٹنر شپ کے تحت ہمارا مقصد یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کرکٹ کے ساتھ فٹبال، مکسڈ مارشل آرٹ، اسکواش اور دیگر کھیلوں کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو نمایاں کیا جائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے روح رواں ندیم عمر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے پی ایس ایل سیزن کے لیے ایکسپریس نیٹ ورک کے ساتھ پارٹنر شپ پر فخر ہے، ایکسپریس میڈیا نیٹ ورک دنیا میں مستند حیثیت رکھتا ہے،ہم باہمی اشتراک سے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے آگے بڑھیں گے اور اپنے مداحوں کو بہترین تفریح کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دونوں سیزن میں ہماری کارکردگی بہترین رہی اور تیسرے ایڈیشن کا ٹائیٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہواتو یہ ہمیں مزید تقویت دے گا۔
Load Next Story