ڈپلومیٹک گڈز کی آڑ میں اسمگلنگ کا انکشاف

پاکستان کسٹمز نے وزارت خارجہ کے متعلقہ استثنائی سرٹیفکیٹ پیش نہ کرنے پر ڈپلومیٹک کنسائمنٹس کی کسٹمز کلیئرنس روک دی۔

مافیا نے سفارتخانوں کیلیے درآمدی سامان کی آڑ میں بھاری ڈیوٹی و ٹیکسوں کی حامل اشیا کی منفرد انداز میں اسمگلنگ شروع کر دی تھی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

KARACHI:
پاکستان میں قائم مختلف ممالک کے سفارت خانوں کی جانب درآمد ہونے والے کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی پر پاکستان کسٹمز نے وزارت خارجہ کے متعلقہ استثنائی سرٹیفکیٹ پیش نہ کرنے پرڈپلومیٹک کنسائمنٹس کی کسٹمز کلیئرنس روک دی ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ محکمہ کسٹمز نے اب ہر ڈپلومیٹک کنسائنمنٹ کو وزارت خارجہ کی استثنائی سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اس سے قبل ڈپلومیٹک کنسائمنٹس کی وزارت خارجہ کی استثنائی سرٹیفکیٹ کے بغیر کسٹمزکلیئرنس کی جاتی تھی اور کلیئرنس کے بعد وزارت خارجہ کی جانب سے استثنائی سرٹیفکیٹ محکمے کے پاس پہنچتا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ دونوں کنسائمنٹس میں وہیکلز موجودہیں، پاکستان کسٹمزکے پاس ایساکوئی خودکار نظام موجود نہیں ہے کہ جس کے ذریعے وزارت خارجہ کے استثنائی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی جاسکے۔


یہی وجہ ہے کہ ایک منظم مافیا کی جانب سے سفارت خانوں کے لیے درآمدکیے جانے والے کنسائمنٹس کی آڑ میں بھاری ڈیوٹی وٹیکسوں کی حامل اشیا کی منفرد انداز میں اسمگلنگ شروع ہوگئی تھی جسے مدنظر رکھتے ہوئے کسٹمزاپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ کی جانب سے فیڈرل بورڈآف ریونیو کوایک خط ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانوں کے لیے درآمد ہونے والے کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے متعلقہ استثنائی سرٹیفکیٹ کے سلسلے میں وزات خارجہ اور پاکستان کسٹمز کے درمیان آن لائن سہولت فراہم کی جائے اوروزرات خارجہ کو کسٹمز ویبوک کلیئرنس سسٹم کی آئی ڈی مہیا کرتے ہوئے اس بات کا پابندبنایاجائے کہ وہ ہر ڈپلومیٹک کنسائمنٹ کے لیے آن لائن استثنائی سرٹیفکیٹ فراہم کرے۔

وزارت خارجہ کے اس تعاون سے نہ صرف ڈپلومیٹک کنسائمنٹس کی کلیئرنس تیزہوسکے گی بلکہ استثنائی سرٹیفکیٹ کے غلط استعمال کو بھی ناممکن بنایا جاسکے گا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کسٹمزکے پاس فی الوقت یہ سہولت موجود نہیں ہے کہ وہ وزارت خارجہ کے جاری کردہ استثنائی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرسکے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی کسٹمزپریونٹیو کلکٹریٹ نے ڈپلومیٹک کنسائمنٹ کی آڑ میں6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی بھاری ڈیوٹی وٹیکسوں کی حامل اشیاکی اسمگلنگ کی انوکھی واردات کو ناکام بنایا جس کے بعد کسٹمزاپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ نے خلیجی ممالک کے 2 سفارت خانوں کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس روکتے ہوئے وزارت خارجہ کی استثنائی سرٹیفکیٹ طلب کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ پاکستان میں سالانہ10ہزارسے زائدڈپلومیٹک کارگوکی وزارت خارجہ کی استثنائی سرٹیفکیٹ کے بغیر کلیئرنس کی جارہی تھی۔ سفارت خانوں میں تعینات ملازمین کو اپنے ملک سے20فٹ کاصرف ایک کنٹینردرآمد کرنے کی اجازت ہے۔
Load Next Story