پرویز مشرف کی پارٹی کا انتخابی اتحاد کیلیے متحدہ سے رابطہ

مذاکرات جاری،سربراہ اے پی ایم ایل کے استقبال کیلیے بھی متحدہ کودعوت دی جائیگی

پرویز مشرف نائن زیرو بھی جائیں گے،(ذرائع) ایم کیو ایم کا اس حوالے سے اظہار لاعلمی ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) نے آئندہ عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسمنٹ اور انتخابی اتحاد کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی قیادت سے رابطہ کرلیا ہے۔

دونوں جماعتوں میں مختلف حلقوں کے ذریعے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اے پی ایم ایل کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی قیادت24مارچ کو پرویز مشرف کی کراچی آمد کے موقع پر استقبال میں شرکت کے لیے ایم کیو ایم کی قیادت سے باضابطہ رابطہ کرے گی اور اس حوالے سے انھیں دعوت بھی دی جائے گی ۔




ذرائع کے مطابق اے پی ایم ایل اور ایم کیو ایم کی قیادت کے درمیان سیٹ ایڈجسمنٹ اور استقبال میں شرکت کے حوالے سے رابطے جاری ہیں، ایم کیو ایم کی قیادت اس حوالے سے مشاورت کررہی ہے۔ پرویز مشرف پاکستان آمد کے بعد ایم کیو ایم کے مرکز نائین زیرو بھی جائیں گے اور ایم کیو ایم کی قیادت سے باضابطہ ملاقات کریں گے۔

اے پی ایم ایل کے ذرائع کے مطابق پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں چترال میں قومی اسمبلی کی نسشت این اے 32اور کراچی میں قومی اسمبلی کی نسشت این اے 250 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اے پی ایم ایل کے سینئر نائب صدر راشد قریشی کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی کراچی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔

آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسمنٹ کے حوالے سے فیصلہ پرویز مشرف کریں گے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے ذرائع نے اے پی ایم ایل سے انتخابی اتحاد اور استقبال کے حوالے سے معاملات پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
Load Next Story