پاکستان کو نااہل حکمرانوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے آصف زرداری

نوازشریف خود سب سے بڑے راز ہیں وہ کیا پردے کے پیچھے کے راز بتائیں گے،آصف زرداری

نااہل موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکارہے،زرداری، فوٹو : این این آئی

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو نااہل حکمرانوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

میر پور خاص میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ جن کی حکومت ہے وہ خود حزب اختلاف میں بھی ہیں، یہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑنے چلے ہیں اور اپنی ہی حکومت میں جلسے کررہے ہیں جب کہ پروٹوکول پورا حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت ،وزیراعظم، وزیرداخلہ اور وزیرخارجہ آپ کا ہے اور ادارے بھی آپ کے ماتحت ہیں تو پھر کس بات کی راز داری ہے، پیچھے کے راز تو ہمیں بھی پتا ہیں، ہمیں ایسے پیغام نہ بھیجیں جس سے آپ سمجھیں کہ ہم ڈرجائیں گے۔پیپلزپارٹی اپوزیشن میں رہی ہے، ہمارے ہزاروں لیڈرز جیل میں گئے، اس وقت آپ کو احساس نہیں ہوتا کیونکہ وزیراعظم آپ کا اور ادارے آپ کے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: میاں صاحب راز فاش کریں انہیں ہیوی مینڈیٹ کہاں سے ملا، آصف زرداری


سابق صدر نے کہا کہ آج پاکستان کو نااہل حکمرانوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، نواز شریف نے 4 برس وزیر خارجہ ہی مقرر نہیں کیا جب انہیں احساس ہوا تو ایسا وزیر خارجہ مقرر کیا جو پنجابی میں انگریزی بولتا ہے۔ ایسا شخص دنیا کو پاکستان کے موقف سے کیسے آگاہ کرے گا اور دنیا اسے کس طرح سمجھے گی۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ جو یو سی الیکشن نہیں جیت سکتا وہ ایک لاکھ ووٹ کیسے لیتا ہے یہ راز بتائیں، اس طرح حکومتیں بن تو جاتی ہیں لیکن چلتی نہیں ہیں جس کو آپ اپنا سیاسی وارث سمجھتے ہیں اس کا چہرہ بھی کسی نے نہیں دیکھا۔

Load Next Story