کراچی سے لاہور تک گیس پائپ لائن بچھانے کی منظوری

ای سی سی نے کاٹن کی درآمد پر عائد سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی

منصوبے کے ذریعے 1 ارب 20 کروڑ مکعب فٹ گیس روزانہ فراہم کی جاسکے گی، فوٹو: فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی سے لاہور تک نئی گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اکنامک کوآرڈی نیشن کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں متعدد اقتصادی امور زیر بحث آئے اور کئی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔


کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سوئی سدرن اور ناردرن گیس پائپ لائنز کی طرف سے کراچی سے لاہور تک آر ایل این جی تھری پائپ لائن پراجیکٹ کے لیے فنڈز کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری دے دی، منصوبے کے ذریعے 1 ارب 20 کروڑ مکعب فٹ گیس روزانہ فراہم کی جاسکے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو منصوبے کے لیے سرکاری اور نجی اشتراک عمل کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔

کمیٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے لیے آدم ایکس ون سے 10 ملین مکعب کیوبک فٹ یومیہ اور آدم ویسٹ ایکس ون سے 18 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس مختص کرنے کی تجویز کی منظوری بھی دی، گیس کی قیمت کا تعین پیٹرولیم پالیسی کے تحت کیا جائے گا۔

دریں اثنا ای سی سی نے کاٹن کی درآمد پر عائد سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی بھی منظوری دی جس کے خاتمے کا اطلاق 8 جنوری سے ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعظم اور شرکا نے سیکرٹری خزانہ شاہد محمود کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، شاہد محمود 6 جنوری کو اپنی مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔
Load Next Story