بھارتی ریاست بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرشاد یادیو کوساڑھے 3 سال قید

10 لاکھ روپے جرمانہ ادا نہ کرنے پر لالو پرشاد کو مزید 6 ماہ جیل میں گزارنے ہوں گے، عدالتی حکم

سابق وزیراعلیٰ بہار کو سی بی آئی عدالت نے قید کی سزا سنادی :فوٹو:فائل

KARACHI:
بھارتی عدالت نے ریاست بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرشاد یادیو کو چارہ اسکینڈل سے متعلق دوسرے مقدمے میں ساڑھے 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے وفاقی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 1990 سے 1994 کے درمیان مویشیوں کو چارے کی مد میں دی جانے والی سرکاری رقم میں خرد برد سے متعلق پانچ میں سے دوسرے مقدمات میں سزا سنائی ہے۔ اس مقدمے میں لالو پرشاد پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں ضلع دیو گھر کو مویشیوں کے لئے دی گئی چارے کی رقم میں سے 89 لاکھ 27 ہزار روپے غیر قانونی طور پر نکالے۔


عدالت نے لالو پرشاد یادیو کو دھوکا دہی اور مجرمانہ سازش کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں ساڑھے 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید 6 ماہ قید گزارنی ہوگی۔

سزا سنائے جانے کے بعد لالوپرساد کے بیٹے تجیشوی یادیو کا کہنا تھا کہ عدالت نے اپنی ذمہ داری پوری کی اور اب ہم اس کے خلاف ہائی کورٹ میں جائیں گے، ہمیں امید ہے کہ عدالت عالیہ ہمیں انصاف فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ لالو پرشاد یادیو کے خلاف چارہ اسکینڈل میں 5 مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں ایک میں وہ پہلے ہی سزا یافتہ تھے جب کہ دیگر 3 اب بھی زیر سماعت ہیں۔
Load Next Story