کسی کے ساتھ ضم ہونے کی توقع کوئی نہ رکھے فاروق ستار

عام پاکستانیوں کی طرح ہمیں بھی صحت اور تعلیم کے مواقع دیے جائیں، سربراہ ایم کیو ایم

عام پاکستانیوں کی طرح ہمیں بھی صحت اور تعلیم کے مواقع دئیے جائیں،سربراہ ایم کیو ایم ، فوٹو: فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم نے دھوپ میں بال سفید نہیں کیے ہمارا اپنا تشخص ہے کوئی یہ توقع نہ رکھے کہ ہم کسی کے ساتھ اپنی جماعت کو ضم کردیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد ہمیں یقین ہوگیا تھا کہ ایم کیو ایم اب لندن سے نہیں چل سکتی اسے پاکستان سے ہی چلانا پڑے گا جس پر ہم نے سارے ساتھیوں کے ساتھ ایم کیو ایم لندن سے علیحدگی کا مشترکہ فیصلہ کیا۔



فاروق ستار نے کہا کہ ہم قطعی طور پر 90ء کی تاریخ کو دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے جب کہ یہ توقع کسی کو نہیں رکھنی چاہیے کہ ہم کسی کے ساتھ ضم ہوں گے ہم نے دھوپ میں بال سفید نہیں کیے ہم سے زیادہ پاکستان سے محبت کسی اور نے نہیں کی۔


سربراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کہا کہ سال 2018ء تک وہ ایم کیو ایم دکھائیں گے جو زیادہ مضبوط ہو کیوں کہ ہمارا نصب العین یہ ہے کہ پاکستان میں جس طبقے کو ہم مہاجر کہتے ہیں انہیں بھی برابر کا پاکستانی سمجھا جائے اور عام پاکستانیوں کی طرح ہمیں بھی صحت اور تعلیم کے مواقع دیے جائیں۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہم ظلم کے خلاف اور مظلوموں کی داد رسی کے لیے کھڑے ہیں جب کہ پاکستان میں سب کا یکساں احترام اور میرٹ پر فیصلے ہونے چاہیئں یہی ہماری سیاست ہے، نیب میں ہمارے خلاف کرپشن کا ایک بھی مقدمہ نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں کرپشن، لوٹ مار کو وہی لوگ ختم کرسکتے ہیں جو اس کرپٹ ، فرسودہ، گلے سڑے نظام کی پیداوار نہیں ہیں اور ہم نے 2018ء میں عزت اور آبرو کے ساتھ کامیاب ہونا ہے۔
Load Next Story