چوتھا ون ڈے پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز 22 سے برابر کردی

پاکستان کی جانب سےعمران فرحت نے 93 اور کپتان مصباح الحق نے 80 رنز بنائے،5واں اور فیصلہ کن میچ 24 مارچ کو کھیلاجائے گا۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 48.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔ فوٹو: رائٹرز

VEHARI:
چوتھے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی ہے۔

ڈربن کے کنگس میڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اننگز کے آغاز میں ہی محمد عرفان نے اپنی ابتدائی دو گیندوں پر ان فارم بیٹسمین ہاشم آملہ اور کولن اینگرام جبکہ جنید خان نے گریم اسمتھ اور فرحان بحر دین کو پویلین کی راہ دکھا کر پروٹیز کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا تاہم اس موقع پر کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ ملز نے ٹیم کو سہارا دیا اور 115 رنز کی شراکت قائم کی، ملر کو سعید اجمل نے پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔170 کے اسکور پر ڈی ویلیئرز بھی پویلین سدھار گئے۔ مک لارین کی صورت میں جنوبی افریقا کی 7ویں وکٹ بھی گر گئی۔ 207 پر کلینویلٹ اور 221 پر ڈیل اسٹین آؤٹ ہوئے اور یوں جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 234 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، جنید خان اور سعید اجمل نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

235 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور 33 رنز پر اس کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، محمد حفیظ صفر، کامران اکمل 11 جبکہ یونس خان صرف 6 رنز ہی بناسکے۔ اس موقع پر عمران فرحت کا ساتھ نبھانے مصباح الحق میدان میں آئے اور 153 رنز کی شراکت قائم کی، مصباح 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد شاہد آفریدی صرف 4 رنز بنا کر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ شاہد آفریدی کے بعد عمران فرحت کا ساتھ نبھانے شعیب ملک کریز پر آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اسکور 226 رنز پر پہنچایا ، فتح اور سنچری کے قریب آکر عمران فرحت اپنی وکٹ گنوا بیٹھےاور ڈیل اسٹین کا شکار ہوگئے، وہاب ریاض بھی اپنا کھاتہ نہ کھول سکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔ سنسنی خیز مرحلے میں سعید اجمل نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا اور 49ویں اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔


پاکستان کی جانب سے عمران فرحت نے 93 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے پیٹرسن نے 2 ، ڈیل اسٹیبن،ٹسوٹسوبے اور کلینویلٹ نے ایک ایک حاصل کی ۔

چوتھے میچ میں پاکستان کی فتح کے بعد سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 24 مارچ کو بینونی میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کبھی بھی جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز اپنے نام نہیں کرسکا۔ 2010 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ایک روزہ سیریز بھی جنوبی افریقا نے 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔
Load Next Story