سعودی گلف ایئر لائنز کی پاکستان کے فضائی روٹس میں توسیع

فضائی کمپنی کا لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے اپنی فلائیٹس شروع کرنے کا اعلان

فضائی کمپنی کا لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے اپنی فلائیٹس شروع کرنے کا اعلان - فوٹو: فائل

سعودی گلف ایئر لائنز نے اپنے بین الاقوامی فضائی روٹس میں توسیع کے منصوبہ کے تحت پاکستان کے چار مختلف شہروں تک فضائی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی گلف ایئر لائنز کی انتظامیہ نے پاک سعودی دوطرفہ فضائی رابطوں کے فروغ کے سلسلہ میں کمپنی نے لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے اپنی فلائیٹس شروع کرنے کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے آغاز سے بین الاقوامی فضائی روٹس میں توسیع کی جا رہی ہے اور دمام سے پاکستان کے مندرجہ بالا چار شہروں تک اپنے فلائیٹ آپریشن کو توسیع دے رہی ہے۔


چیف کمرشل آفیسر کریم مخلوف کا کہنا تھا کہ شاہ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ دمام سے پاکستان کے فضائی مسافروں کے لئے شروع کی جانے والی فضائی سروس سے سفری سہولیات دستیاب ہوں گی اور پاکستان سے سعودی عرب کے مختلف شہروں تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی A320 ایئر بس طیاروں کے ذریعے فلائیٹ آپریشن شروع کر رہی ہے جس میں بزنس اور اکانومی کلاس میں مسافروں کے لئے بہترین نشستیں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی گلف ایئر لائن نے یہ تذویراتی فیصلہ سعودی وژن 2030 کے تحت کیا ہے تاکہ ملک میں بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں کی ترقی اور توسیع کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنے والے فضائی مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات اور آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔

دوسری جانب گیری گروپ کے ڈائریکٹر ارشد ولی محمد نے اس موقع پر کہا کہ سعودی گلف ایئر لائنز کی پاکستان کے مختلف شہروں سے براہ راست پروازوں سے پاکستان میں فضائی انڈسٹری کی ترقی میں مدد ملے گی اور ملک بھر میں فضائی سفر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کی تکمیل ہوگی۔
Load Next Story