شائقین کی حمایت نے مصباح کو ڈربن میں لاہور یاد دلا دیا

عرفان نے کاری ضربیں لگائیں، پچ کو شکست کا ذمہ دار قرار نہیں دے سکتے، ڈی ویلیئرز

ڈربن: جنوبی افریقہ کیخلاف چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستانی کپتان مصباح الحق کا زور دار چھکا، دوسری تصویر میں اوپننگ بیٹسمین عمران فرحت پل شاٹ کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/رائٹرز

شائقین کی حمایت نے مصباح کوڈربن میں لاہور یاد دلا دیا،انھوں نے کہا ہے کہ کنگسمیڈ میں ہوم گراؤنڈ جیسا ماحول میسر آیا۔

دباؤ کے باوجود فتح پر نظر مرکوز رکھتے ہوئے مقصد حاصل کیا، عمران فرحت نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔پروٹیز قائد ڈی ویلیئرز نے کہا کہ محمد عرفان کی تباہ کاری کے بعد بیٹنگ میں خاصی مزاحمت کی مگر چند غلطیوں کے سبب میچ ہاتھ سے نکل گیا۔تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کپتان سیریز کی بقا کیلیے لڑی جانے والی جنگ میں اپنے پلیئرز کی کارکردگی پر خاصے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فتح کی اشد ضرورت تھی، ہر کھلاڑی نے 100 فیصد کوشش کی، عمران فرحت کی بیٹنگ شاندار رہی، ہمیں اننگز کے آخر تک وکٹ پر قیام کرنے والے بیٹسمین کی کمی محسوس ہورہی تھی جو اوپنر نے اپنے عمدہ کھیل سے پوری کردی۔مصباح نے کہا کہ محمد عرفان نے ہاشم آملہ سمیت ٹاپ آرڈر کو پریشان کرکے ہمیں عمدہ آغاز فراہم کیا، بولرز نے باؤنس اور ٹرن کا فائدہ اٹھایا، سعید اجمل نے ایک بار پھر اپنا کردار بخوبی نبھایا، سیمرز نے بھی عمدہ پرفارم کیا، کنگسمیڈ میں کراؤڈ کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے محسوس ہوا کہ لاہور میں کھیل رہے ہیں۔




میزبان ٹیم نے بہت اچھی بولنگ کی، ہمارا پلان تھا کہ 50 اوورز کھیل گئے تو ہدف تک پہنچنا بھی ممکن ہوجائیگا، آخر میں تھوڑا دباؤ بڑھ گیا تھا مگر فتح پر یقین رکھا، شعیب ملک نے منزل تک پہنچادیا۔ پروٹیز کپتان ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ہمیں کئی بار میچ میں واپسی کا موقع ملا لیکن فائدہ نہ اٹھا سکے۔

محمد عرفان نے ابتدامیں ہی کاری ضربیں لگا دی تھیں لیکن ہم مزاحمت کرتے ہوئے بہتر مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، بولنگ کرتے ہوئے بھی سخت مقابلے سے حریف کو دباؤ میں لے آئے تھے تاہم چند غلطیوں کے سبب میچ ہاتھ سے نکل گیا۔انھوں نے کہا کہ پچ کو شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا،باؤنس اور ٹرن اتنی زیادہ نہیں تھی کہ مشکل پیش آتی،میرے آؤٹ ہونے سے بھی صورتحال زیادہ خراب ہوئی، فیصلہ کن میچ سے قبل اپنی خامیوں پر غور کرتے ہوئے بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کرینگے۔

Recommended Stories

Load Next Story