نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو 183 رنزسے ہرا دیا
تیسرے ون ڈے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ ایک بار پھرفیل ہوگئی اور پوری ہی ٹیم 74 پر ڈھیر ہوگئی۔
ڈونیڈن کے یونیورسٹی اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریزکے تیسرے میچ میں ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ ایک بارپھربری طرح ناکام ہوگئی اورپوری ٹیم 258 رنزکے تعاقب میں 74 رنزپرہی ڈھیرہوگئی، جونیوزی لینڈ میں کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکورہے۔
اننگز کے آغازسے ہی پاکستان ٹیم مشکلات کا شکاررہی، اوپنراظہرعلی اور محمد حفیظ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 2 رنز بنا سکے اورآؤٹ ہوگئے، بعدازاں بابر اعظم 8، شعیب ملک 3، شاداب خان صفر، فہیم اشرف 10، حسن علی ایک، محمد عامر 10 رنز اوررومان رئیس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے کولن منرو 8 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ اوپنر مارٹن گپٹل 45 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ نصف سنچری بنانے والے کیوی کپتان کین ولیمسن 73 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، روس ٹیلر بھی نصف سنچری بنا کر شاداب کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوئے۔ بعدازاں ٹام لیتھم 35 رنز بنا سکے اور رومان رئیس کی گیند پر آؤٹ پر ہو گئے، ہینری نکہولس کھاتہ کھولے بغیر شاداب خان کا شکار ہوئے، مچل سینٹنر 6، ٹم ساؤتھی 6 اور ٹرینٹ بولٹ نے 13 رنز بنائے اور تینوں حسن علی کا شکار ہوئے جب کہ ٹوڈ ایسٹل 5 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔