موجودہ حکومت میں سارے چور اور لٹیرے تھے دستی

انتہائی مشکل حالات میں ملک اور قوم کی خدمت کی :عاصمہ ارباب’’کل تک‘‘میں گفتگو

حکومت نے عوام کو غربت بھوک محرومی دی ہے،ووٹ نہیں ملیں گے، ماروی میمن فوٹو : فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رہنما جمشید دستی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں سارے چور اور لٹیرے بیٹھے تھے کروڑ پتی ایم این ایز نے کلاشنکوف کے ایک ایک لائسنس کیلیے لاکھ لاکھ روپے کمائے ہیں ۔

کسی نے غریب کے لیے کچھ نہیں کیا سب نے اپنا الو سیدھا کیا ہے۔ جمعرات کو ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ میں نے پاکستان پیپلزپارٹی کو نہیں چھوڑا بلکہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے ورکرز کو ذبح کررہی ہے ۔




میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں کچے گھر میں رہتا ہوں، میری ماں کو پتہ ہی نہیں کہ ایم پی اے کیا ہوتا ہے وہ مجھے کہتی ہے کہ تم کن چکروں میں پڑے ہو لیکن یہ بات میرے لیے فخر کی ہے کہ میں نے وڈیروں ظالموں اور جاگیرداروں کا مقابلہ کیا، مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن نے کہاکہ حکومت نے عوام کو غربت بھوک محرومی دی ہے۔

جس کی وجہ سے اب موجودہ حکمرانوں کو ووٹ نہیں ملیں گے ۔ہم ڈرائنگ روم میں سیاست نہیں کرتے مجھے واضح تبدیلی نظرآرہی ہے۔ پیپلزپارٹی اپنے ورکرز کو چھوڑ کر ٹپی جیسے لوگوں کو ٹکٹ دے رہی ہے جن کا پارٹی سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما عاصمہ ارباب عالمگیر نے کہاکہ ہم نے انتہائی مشکل حالات میں بھی ملک اور قوم کی خدمت کی ہے۔ جمشید دستی اور حناربانی کے کچھ علاقائی ایشوز ہوسکتے ہیں لیکن اس میں پارٹی فریق نہیں بن سکتی ۔
Load Next Story