نگران وزیراعلیٰ کیلیے اپوزیشن کے نام مستردکرتے ہیں شہباز

پیپلزپارٹی نے جونام دیے انکا ریکارڈ سب کے سامنے ہے، ایران گیس منصوبہ دھوکہ ہے

ہمارے ناموں سے بہتر نام دیے گئے تو قبول کرنے میں ایک سیکنڈ تاخیر نہیں کرینگے فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کیلئے اپوزیشن کے تجویز کردہ نام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کیلئے ہم سے اچھے نام کسی کے پاس ہیں تو سامنے لائیں۔

آصف زرداری کاحکومت کی آخری سانسوں میں پاک ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ شروع کرنا قوم کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ اور فراڈ ہے۔ جمعرات کو ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب میں جن شخصیات کے نام دیے ہیں، انکا ریکارڈ سب کے سامنے ہے، اس لیے ہمیں یہ نام کسی صورت قابل قبول نہیں، ہمارے ناموں سے بہتر نام دیے گئے تو قبول کرنے میں ایک سیکنڈ کی تاخیر نہیں کریں گے۔




 

شہباز شریف نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری کو پتہ ہے کہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کا صفایا ہوجانا ہے اور صرف آنے والی حکومت کو الجھانے کیلئے حکومت کی آخری سانسوں میں یہ معاہدہ کیا گیا۔۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ساتھ ماضی میں جو برتاؤ کیا گیا وہ نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ نگراں سیٹ اپ میں ڈیڈ لاک کے سوال پر کہا کہ بتایا جائے کیا ہم کسی کرپٹ شخص کو نگراں سیٹ اپ میںلانے کیلیے ضد کر رہے ہیں؟ ، پنجاب میں ہم نے جسٹس (ر) عامر رضا اور خواجہ ظہیر کے نام دیے ہیں جن کی ہر طرف نیک نامی ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے جن شخصیات کے نام دیے ہیں ان سے سب واقف ہیں۔
Load Next Story