کچے کیلے سے بنائیے مزیدار پکوان

بنائیے اپنی پسند کے کھانے بہترین تراکیب سے۔

بنائیے اپنی پسند کے کھانے بہترین تراکیب سے۔ فوٹو: فائل

کچے کیلے کے کباب

اجزا:

کچے کیلے: دو عدد، بڑے سائز کے
چنے کی دال: ایک کپ
پیاز: ایک عدد، بڑے سائز کی، کترلیں
ہری مرچ: دو عدد، کترلیں
ہرا دھنیا: مٹھی بھر پتیاں
لہسن: تین جوے
ادرک: آدھا انچ کا ٹکڑا
نمک: حسب ذائقہ
ہلدی: ایک چائے کا چمچہ
پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچہ
گرم مسالا: دو چائے کے چمچے
پسا ہوا زیرہ: ایک چائے کا چمچہ
پسا ہوا امچور: ایک چائے کا چمچہ
تیل: حسب ضرورت
چار کھانے کے چمچے میں بھگویا ہوا دو کھانے کے چمچے مکئی کا آٹا

ترکیب

سب سے پہلے چنے کی دال دھو کر پانی میں آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں۔ اس دوران کیلوں کو چھلکے سمیت پریشر کُکر میں درمیانی آنچ پر دو سے تین بار سیٹی بجنے تک پانی میں پکائیں۔ کیلے اتنے نرم ہوجانے چاہییں کہ چھری سے بہ آسانی قتلے بنائے جاسکیں۔ پریشر کُکر نہ ہو تو انھیں عام دیگچی میں بھی اُبالا جاسکتا ہے۔ اب کیلے پریشر کُکر یا دیگچی سے باہر نکال لیں اور ایک پیالے میں رکھ دیں۔

اب اسی پریشر کُکر یا دیگچی میں تین چوتھائی کپ پانی ڈالیں اور اس میں دال، نمک، ہلدی، سرخ مرچ شامل کرکے اتنا پکائیں کہ دال گل جائے۔ اب فوڈ پروسیسر میں ڈال کر اس کا ملغوبہ بنالیں۔ دال کو سل پر بٹے سے بھی پیسا جاسکتا ہے۔ اب دال کا ملغوبہ کیلے والے پیالے میں ڈال دیں۔ اب فوڈ پروسیسر میں پیاز، ہری مرچیں، لہسن، ادرک اور دھنیا ڈال کر آمیزہ بنالیں۔ یہ کام آپ سل پر بھی کرسکتی ہیں۔ یہ آمیزہ دال اور کیلے کے پیالے میں ڈال دیجیے۔ بعدازاں اس میں گرم مسالا، زیرہ اور امچور بھی شامل کردیجیے اور تمام اجزا کو یک جان کرلیجیے۔ اس مرحلے پر آپ کبابوں کا آمیزہ بعد میں استعمال کرنے کے لیے فریج میں رکھ سکتی ہیں۔ فوری کباب بنانے ہوں تو پھر آمیزے کے کباب بنالیجیے۔ اسی طرح جیسے شامی کباب بنائے جاتے ہیں۔ کباب بن جائیں تو پھر فرائی پان میں درمیانی آنچ پر تیل رکھ دیں۔ تیل کڑکڑانے لگے تو کباب تلنا شروع کردیں۔ مگر تلنے کے لیے فرائی پان میں ڈالنے سے پہلے انھیں مکئی کے آٹے اور پانی کے آمیزے میں ڈبونا نہ بھولیں۔

پودینے کی چٹنی اور لچھے دار پیاز کے ساتھ پیش کریں۔

کچے کیلے کی اشرفیاں

اجزا

کچے کیلے: چھے عدد

آلو: چار عدد
پیاز: دو عدد، بڑی جسامت کی، باریک کترلیں
لہسن ادرک کا پیسٹ: ڈیڑھ کھانے کا چمچہ
ہرا دھنیا: دو کھانے کے چمچے، کتر لیں
پسی ہوئی سرخ مرچ: دو چائے کے چمچے
بیسن: دو کھانے کے چمچے
پسی ہوئی سبز الائچی: نصف چائے کا چمچہ
نمک: حسب ذائقہ
تیل:دو کھانے کے چمچے
شملہ مرچ: دو عدد، درمیانی جسامت کی، اوپری حصہ کاٹ کر بیج اور گودا نکال دیں
دیسی گھی: ڈیڑھ کھانے کا چمچہ

ترکیب

سب سے پہلے کیلے اور آلو علیحدہ علیحدہ اچھی طرح اُبال لیں۔ کیلے چھلکے سمیت ابالیں۔ فرائی پان میں تیل گرم کریں۔ آنچ درمیانی رکھیں۔ تیل کڑکڑانے لگے تو اس میں پیاز ڈال کر سنہری کرلیں۔ پیاز تل جائیں تو انھیں باہر نکال کر جاذب کاغذ پر رکھ دیں۔ خشک ہوجائیں تو ان کا چورا کرلیں۔ اب کیلے اور آلو چھیل کر مسل لیں۔ اس طرح کہ ان کا ملغوبہ جائے۔ اب اس ملغوبے میں چورا کی ہوئی پیاز، لہسن ادرک کا پیسٹ، ہرا دھنیا، پسی ہوئی لال مرچ، بیسن، الائچی کا سفوف اور نمک ڈال کر اچھی طرح یک جان کرلیں۔

یہ آمیزہ شملہ مرچ کے اندر بھ ردیں۔ بعدازاں چُھری کی مدد سے شملہ مرچ کے دو انچ موٹے قتلے کرلیں۔ اب فرائی پان میں دیسی گھی ڈال کر گرم کریں۔ بعدازاں اس میں شملہ مرچ کے بھرے ہوئے قتلے ڈال کر تلیں۔ یہاں تک کہ مرچ نرم اور اندر بھرا ہوا مسالہ سنہری اور خستہ ہوجائے۔ پھر باہر نکال کر جاذب کاغذ پر رکھ کر خشک کرلیں اور دھنیے، پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

کیلے کی سبزی

اجزا

کچے کیلے: دو عدد
اجوائن: ایک چائے کا چمچہ
ثابت سرخ مرچ: دو عدد
لاہوری نمک: دو چائے کے چمچے
لیموں کا رس: ایک کھانے کا چمچہ
تیل: ایک چوتھائی کپ

ترکیب

چھلکا اتار کر کیلوں کے قتلے کرلیں۔ کڑاہی یا دیگچی میں تیل گرم کریں۔ کڑکڑانے لگے تو اس میں اجوائن اور سرخ مرچ ڈال دیں۔ سرخ مرچ بُھننے لگے تو کڑاہی میں کیلے کے قتلے ڈال کر آنچ تیز کردیں۔ چند منٹ کے بعد آنچ دھیمی کرکے نمک شامل کردیں اور اتنا پکائیں کہ قتلے نرم ہوجائیں۔ چمچے سے انھیں جانچا جاسکتا ہے کہ نرم ہوئے یا نہیں۔ گل جائیں تو چولھا بند کردیں اور اوپر سے لیموں کا رس چھڑک دیں۔ پودینے کی چٹنی یا کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

 
Load Next Story